Important Rule of Business By Fawwad Raza

کاروبار کا سب سے اہم سبق

تحریر: فواد رضا

کئی سال پہلے میں ایک فیکٹری میں ملازم تھا، مالک نیم خواندہ لیکن اچھے وقتوں کاکاروباری تھا۔۔ کام اچھا چل رہا تھا اور فیکٹری منافع میں تھی ۔ملازم مطمئن رہا کرتے تھے ، کسی مشکل وقت میں فیکٹری کی جانب سے اچھی خاصی مدد بھی مل جایا کرتی تھی۔ پھر مالک کے بیٹے نے بی بی اے کیا اور سب سے پہلے اپنی ہی فیکٹری پر اپنی صلاحیتیں آزمانے کا سوچا۔

نیا مالک جدید خیالات کا حامل تھا اور اس کے خیال میں اس کے والد کے کاروباری طور طریقے فرسودہ اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ تھے ۔ اس نے سب سے پہلے فیکٹری کی جانب سے کی جانے والی ملازمین کی مالی معاونت بند کی۔ پھر تنخواہوں میں کٹوتی کا سلسلہ شروع ہوا۔ پرانے ملازم کام چھوڑ کرجانے لگے، ان کی جگہ کم قیمت میں نئے لوگ بھرتی کرکے نئے مالک نے سکون کا سانس لیا۔

کچھ دن بعد پراڈکشن میں شکایتیں آنے لگیں، کوالٹی گر چکی تھی۔ کام بڑھنے کے بجائے سکڑنے لگا ۔ آرڈر کینسل ہونے لگے، گاہک کو کوالٹی چاہیے تھے ، جس کا نسخہ پرانے لوگوں کے پاس تھے ۔ وہ سب جاچکے تھے ، اب نئے ملازمین تھے جنہیں فیکٹری سے کوئی ہمدردی نہیں تھی بلکہ وہ نئے مالک کے رویے سے نالاں تھے۔

نیا مالک پریشان ہوگیا۔نقصان بڑھتا جارہا تھا ، یہاں تک کہ بینک سے قرضے لینا پڑے ۔ پراڈکشن پھر بھی بہتر نہ ہوسکی ، کاروبار نقصان کی جانب بڑھ رہا تھا، بالاخر ایک دن نئے مالک کی پالیسیوں کے سبب فیکٹری کا دیوالیہ نکل گیا۔ دروازے پر بینک نے بڑا سا تالا ڈال دیا۔

کچھ دن بعد فیکٹری کے سامنے بنے چائے کے کھوکے پر ایک پرانے ملازم نے سگریٹ کا دھواں اڑاتے ہوئے کھوکھے کے مالک سے کہا۔۔۔۔۔ یاد ہے نہ! میں نے کہا تھا کہ یہ نیا مالک فیکٹری کو تالا لگوا کر رہے گا۔ اس نے کاروبار کی کتابوں میں لکھا سب سے اہم نکتہ غور سے نہیں پڑھا تھا۔ آسودہ حال ملازم ہی کاروبار کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے، شکر ہے یہاں سے نکل کر میں نے اپنا کاروبار کرلیا آج میرے ملازم آسودہ حال ہیں۔(فوادرضا)۔۔

( فواد رضا کی وال پہ موجود ایک طرح سے یہ علامتی تحریر میرے خیال میں میڈیا انڈسٹری پہ فٹ بیٹھتی ہے، کسی بھی چینل کا حال دیکھیں لگتا ہے جلد تالے لگنے والے ہیں، کارکن کہیں بھی آسودہ نہیں۔۔ علی عمران جونئیر)

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں