ilo ke tehat sahafion keliye tarbiyat ka ahtemam

آئی ایل او کے تحت صحافیوں کیلئے تربیت کااہتمام۔۔

کراچی کے ہوٹل میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی جانب سے مین اسٹریم صحافیوں کے لیے  ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ دو روزہ ٹریننگ کا مقصد صحافیوں کو جبری مشقت کی نوعیت، اقسام اور شفاف طریقوں سے نوکری کے حصول کے لیے معلومات فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ملکی اور عالمی قوانین سے آگہی فراہم کرنا تھا۔ٹریننگ میں خواتین سمیت پرنٹ، براڈ کاسٹ ، ڈجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے شرکت کی۔آئی ایل او کے نیشنل پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فیصل اقبال نے ٹریننگ  کے اغراض و مقاصد  سے آگاہ کیا۔انہوں نے ۔۔ بریج پراجیکٹ ۔۔کے مقاصد اور اہمیت کو واضح کرنے کے ساتھ جبری مشقت اور منصفانہ بھرتی کے طریقہ کار اور اس حوالے سے درست رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیا۔ سینیئر صحافی اور ٹرینر عون ساہی نے جبری مشقت کے حوالے سے میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔۔انہوں نے خبر کی تیاری کے مراحل اور طریقہ کار سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے میڈیا میں بیرون ملک کام کرنے والے مزدوروں کی خبروں کی کمی اور معیار پر اظہار تشویش کیا۔۔عون ساہی نے کسی بھی قسم کی جبری مشقت کی خبروں کی اشاعت کی ضرورت اور اس حوالے سے میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سینئر صحافی اور ٹرینر سبوخ سید نے صحافت میں جدت اور خبر کی پیش کرنے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔۔انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ  رپورٹنگ کی ضرورت پر زور دیا۔سبوخ سید نے ایک ایکٹیویٹی کے ذریعے مختصر الفاظ میں جامع انداز سے خبر پیش کرنے کا طریقہ بھی سمجھایا۔ آئی ایل او پاکستان کے ڈائریکٹر گیئر تھامس ٹونسٹول نے ٹریننگ میں خصوصی طور پر شرکت کی۔۔انہوں نے آئی ایل او کے طریقہ کار اور مشن پر روشنی ڈالنے کے ساتھ پاکستان میں جبری مشقت کے حوالے سے میڈیا کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں