سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے، آج بھی سندھ بھر میں تمام پریس کلبوں، یونین آف جرنلسٹس سمیت صحافیوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے جو کام کئے جا رہے ہیں ان کی مثال دیگر صوبوں میں نہیں ملتی۔ اپنے دفتر میں صحافیوں کے چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم آزادی صحافت کے حامی اور چاہتے ہیں صحافی بے خوف و خطر اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کریں، ریجنل صحافیوں کے مسائل حل کرنا بھی ہماری اولین ترجیح ہے، ان شاء اللہ ان کے تمام جائز مسائل حل اور مطالبات کو پورا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں صحافیوں کو آزادی رائے کی مکمل آزادی ہے، پیپلز پارٹی کا منشور آزادی صحافت ہے، صحافیوں کی مشکلات اور ان کے مسائل حل کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں ریجنل صحافیوں کو درپیش مسائل بالخصوص صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈز کے اجرا، صحت و تعلیم کے مسائل حل اور رہائش کے لئے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ سعید غنی نے وفد کو یقین دلایا کہ ریجنل سطح پر صحافیوں کو جو مسائل درپیش ہیں ان کو نہ صرف حل کیا جائے گا بلکہ ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
