سینیئر اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا ہے کہ بروقت معاوضہ نہ ملنے پر ماضی میں انہوں نے اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کی پروڈکشن کمپنی کا ڈراما بھی چھوڑا۔نادیہ افگن نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں تاحال متعدد ڈراموں کا معاوضہ نہیں ملا اور انہوں نے بروقت پیسے نہ ملنے پر متعدد ڈراموں میں کام کرنے سے انکار بھی کیا۔اسی پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ہمایوں سعید کی پروڈکشن کمپنی ’سکس سگما‘ کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے پر بھی بات کی اور انکشاف کیا کہ انہوں نے مذکورہ پروڈکشن کا ڈراما چھوڑ دیا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں ہمایوں سعید کی پروڈکشن کمپنی کے ڈرامے میں کام کرنے کے لیے وہ لاہور سے کراچی آئیں اور انہوں نے 6 دن تک شوٹنگ بھی کروائی لیکن انہیں پیسے نہیں دیے گئے۔ان کے مطابق جب پروڈکشن ہاؤس نے انہیں بروقت پیسے نہیں دیے تو انہوں نے پروڈیوسر ہمایوں سعید کو فون کردیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت تک ہمایوں سعید کو اچھی طرح نہیں جانتی تھیں لیکن بطور اداکار انہیں پہچانتی تھیں، انہیں ان کا علم تھا۔نادیہ افگن کا کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمایوں سعید کو صورت حال سے آگاہ کیا اور اپنا معاوضہ دینے کا کہا، جس پر پروڈیوسر نے انہیں کہا کہ انہیں پیسے مل جائیں گے لیکن ابھی وہ صبر کریں۔اداکارہ نے کہا کہ ہمایوں سعید نے انہیں بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ بنائی، جس میں ان کے بہت سارے پیسے لگ گئے، اس لیے ابھی وہ ڈرامے کے معاوضے کے لیے تھوڑا انتظار کریں، انہیں پیسے مل جائیں گے۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے ہمایوں سعید کو کہا کہ اگر ان کے پاس پیسے نہیں تو وہ ڈرامے کو پروڈیوس ہی نہ کریں، اسے نہ بنائیں اور پھر انہیں بروقت معاوضہ نہیں ملا تو انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کا کردار بھی بہت اچھا تھا، بعد میں وہ کردار شاید روبینہ اشرف نے کیا لیکن انہوں نے بروقت پیسے نہ ملنے پر ہمایوں سعید کی کمپنی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا اور لاہور چلی گئیں۔اداکارہ کے مطابق اس کے بعد آج تک انہوں نے ہمایوں سعید کی پروڈکشن کمپنی کے ساتھ کام نہیں کیا، نہ کبھی انہوں نے ان کے ساتھ کام کیا، نہ پروڈکشن کمپنی نے انہیں کبھی دوبارہ کاسٹ کیا۔نادیہ افگن نے واضح کیا کہ ان کے اور ہمایوں سعید کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، بس وہ اس وقت کا معاملہ تھا، لیکن دونوں کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ کسی نامور اداکارہ نے کسی معروف پروڈیوسر اور پرڈکشن ہاؤس کی جانب سے بروقت معاوضہ نہ دیے جانے کی نام لے کر شکایت کی ہے۔اس سے قبل متعدد اداکار نام لیے بغیر پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز کے لیے شکوہ کرتے رہے ہیں کہ اداکاروں کو بروقت معاوضہ نہیں دیا جاتا۔ہمایوں سعید نہ صرف اداکاری کرتے ہیں بلکہ وہ پروڈکشن کمپنی کے تحت فلمیں اور ڈرامے بھی تیار کرتے ہیں۔