پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور ایمنڈ کے نمائندوں نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر مملکت فرخ حبیب سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ان تمام تنظیموں نے مجوزہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر تحفظات کا اظہار کیا۔اس موقع پر معاملے کے حل کے لیے پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یوجے، ایمنڈ اور وزارت اطلاعات کے نمائندوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل پا گئی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے، احتساب کا عمل بھی جمہوریت کا ایک لازمی جزو ہے،حکومت احتساب کے عمل کو مضبوط بنانا چاہتی ہے، جمہوریت کی مضبوطی اور تسلسل تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی( پی ایم ڈی اے) کے حوالے سے حکومت اور میڈیا نمائندوں کے درمیان بامعنی مذاکرات ہوئے ہیں، پی ایم ڈی اے کے قیام بارے مسودے کی حتمی تیاری کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔نجی ٹی وی چینلز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئےفرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل بھی ایک ارتقائی عمل سے گزر رہا ہے، ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اداروں کے نظام کی مربوطی و تسلسل کے ساتھ جڑی ہوتی ہے، 2008ء کے انتخابات سے 2018ء کے انتخابات تک جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، احتجاج کرنا بھی جمہوری حق ہے، اسی طرح جمہوریت میں جہاں اختیار ہوتا ہے وہاں احتساب بھی اتنا ہی کڑا ہوتا ہے، احتساب کا عمل بھی جمہوریت کو مضبوط کرتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ جمہوریت کے ذریعے ہی ایک اجتماعی سوچ کو لے کر آگے بڑھا جا سکتا ہے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی اے کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں حکومت اور میڈیاورکرز کے نمائندوں سمیت وزارت اطلاعات کے حکام اور قانونی ماہرین شامل ہوں گے، کمیٹی پی ایم ڈی اے قیام سے متعلق کاغذی کام کا جائزہ لے گی۔
