hukumat ab sach kehne wale sahafion ko bardasht karne keliye tayyar nahi

حکومت اب سچ کہنے والے صحافیوں کو برداشت کرنے کیلئے تیارنہیں، پی ایف یوجے ورکرز۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر ڈاکٹر سعد یہ کمال ، سیکریٹری جنرل شاہد علی، سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرزاق چشتی نے اسلام آباد کے سینئر صحافی وحید مراد کو گھر سے اغواء کرنے اور انہیں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقع کی اعلی سطحی تحقیقات کرائی جائے اور سینئر صحافی سبحان افتخار راجہ پر بہیمانہ تشدد، سینئر صحافی فرحان گوہر ملک کے اغواء کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اب پاکستان میں حق و سچ کہنے والے صحافیوں اور آزادی اظہار رائے کو برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔ سینئر صحافی وحید مراد کو سیکٹر جی ایٹ سے ان کے گھر کا دروازہ توڑ کر اغواء کیا گیا ، انہیں سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس واقعے کی اطلاع پر ان کی مدد کو آنے والے ساتھی صحافی سبحان افتخار راجہ پر بھی تشدد کیا گیا جو کسی طرح بھی نہ تو مہذب معاشرے کا حصہ ہے اور نہ ہی اس کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ اگر حکومت اور اداروں نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو پھر اس روئیے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی پولیس صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں نا کام ہو چکی ہے، پاکستان صحافیوں کیلئے انتہائی خطر ناک بن چکا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ پہلے ہی ملک بھر میں صحافی اور صحافتی ادارے معاشی بحران اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، رہی سہی کسر پیکا ایکٹ کے نفاذ کے بعد صحافیوں کو ہراساں کرنے اور جھوٹے مقدمات کے اندراج نے پوری کر دی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں