تحریر محمد اظہر حفیظ
دنیا کا ھر انسان آپ سے بہتر فوٹوگرافر ھے اس لیئے مشورے سے گریز کریں اور فوٹوگرافی کریں۔ سامان کی چیک لسٹ بنائیں اور جس طرح کا شوٹ کرنے جارھے ھیں اس کے مطابق سامان لیکر جائیں ۔لوکیشن پر کھڑے ھو کر افسوس کرنے سے گریز کریں صرف فوٹوگرافی کریں اس سامان کے ساتھ جو ساتھ لائے ھیں۔ لینڈ سکیپ فوٹوگرافی کیلئے نکلیں تو ساتھ چھتری ، کیمرہ سٹینڈ ضرور لیکر جائیں۔ بیٹری فل چارج ھو اگر ٹور ایک دن سے زیادہ کا ھو تو زائد بیٹریز رکھ لیں ۔ میموری کارڈز مکمل طور پر خالی ھوں۔ اور وائیڈ اینگل لینز زیادہ مفید ھیں۔ سر پر ایک ٹوپی اور موسم کے مطابق کپڑے ضرور رکھیں ۔جاگرز پہنیں۔ صبح کا وقت اور شام کا وقت اس کام کیلئے بہت مناسب ھے اگر کھلے ھوئے بادل مل جائیں تو کیا ھی بات ھے۔ گہرے بادل روشنی کم کرتے ھیں اس میں فوٹوگرافی سے گریز کریں۔ اگر آپ اس بات کو مدنظر رکھیں صبح روشنی کہاں ھوگی اور شام کو کہاں تو آپ بہتر تصویر بنا سکتے ھیں جیسے بادشاھی مسجد پر روشنی صبح میں آتی ھے اور قلعہ پر شام میں اسی مثال کو مدنظر رکھ کر اپنی تصویر کیلئے وقت کا تعین کیجئے۔ اگر آپ پرندوں کی فوٹوگرافی کرنا چاھتے ھیں تو آپ کو ایک بڑا ٹیلی فوٹو لینز یا سپر زوم لینز درکار ھے بمعہ ایک کیمرہ سٹینڈ کے لباس کیمو فلاج رنگ کا ھو تو کیا ھی بات ھے اور وقت بہت صبح کا درکار ھے جیسے دن نکلتا آئے گا اسی طرح فوٹوگرافی کا وقت بھی نکلتا جائے گا کوشش کریں دو سے تین افراد ساتھ جائیں باتوں سے گریز کریں پرندے کیونکہ ڈسٹرب ھوتے ھیں بہت بڑے گروپس کی شکل میں پرندوں کی فوٹوگرافی کیلئے مت جائیں اس سے پرندے بہت پریشان ھوتے ھیں پرندوں سے پیار کریں ان سے دشمنی مت کریں۔ اگر آپ پروڈکٹ فوٹوگرافر ھیں تو ایسی جگہ پر فوٹوگرافی کریں جہاں روشنی کنٹرول کی جاسکے خاص طور پر جب پروڈکٹ چمکدار سطح والی ھو ۔ لینز مائیکرو استعمال کریں تو اچھے رزلٹس ملیں گے۔ اگر آپ مائیکروفوٹوگرافی کے شوقین ھیں تو برسات میں احتیاط کریں سانپ اور زھریلے کیڑے بکثرت پائے جاتے ھیں دھند کے دنوں میں شبنم بہت خوبصورت مل جاتی ھے پھولوں اور پتوں پر۔ صبح صبح کام کیجئے۔ لینز جیسا کہ نام ھے مائیکرو فوٹوگرافی تو مائیکرو ھی استعمال ھوگا ساتھ ایکسٹینشن ٹیوب ضرور استعمال کریں ۔ گلیسرین اور پانی کی مقدار برابر مکس کرکے آپ شاور بوتل سے مصنوعی شبنم بھی بنا سکتے ھیں۔ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب آپ مینول سیٹنگ پر ھی بنا سکتے ھیں اگر بڑا ٹیلی لینز استعمال کریں تو سورج کا سائز بہت بڑا ھو جائے گا ۔ تصاویر ھمیشہ را فارمیٹ پر بنائیں ایڈیٹنگ میں بہت سہولت رھتی ھے۔ جے پی جی میں ایڈیٹنگ کا مارجن بہت کم ھو جاتا ھے۔ میموری کارڈ ھمیشہ اچھی سپیڈ کا استعمال کریں۔ کارڈ ھمیشہ کیمرہ بند کر کے لگائیں اور نکالیں ۔ اس سے کارڈ کرپٹ نہیں ھوگا۔ اپنی تصاویر کو ایک سے زیادہ جگہ محفوظ کریں ۔ یا پھر منتخب تصاویر کو مختلف ھارڈ ڈسکس پر محفوظ کر لیں تاکہ ڈیٹا زیادہ محفوظ ھوسکے۔ دوسروں کی تصاویر کو ڈسکس کرنے کی بجائے اپنے کام پر توجہ دیں اس کا زیادہ فائدہ ھوگا۔ اچھے فوٹوگرافرز کا کام ضرور دیکھیں سیکھنے کیلئے نہ کہ ان پر تنقید کرنے کیلئے۔ کیمرہ چلانا اور چند اچھی تصاویر بنانا کوئی کمال نہیں ھے بلکہ کمال ھے سب اچھی تصاویر بنانا اور روز پہلے سے بہتر تصویر بنانا۔ اپنے آپ کو وقت دیں گھر سے نکلیں اور دنیا کو دیکھیں اور دنیا دکھا دیں ۔ اگر گھر سے نکلنا مشکل ھے تو گھر پر سٹل لائف پر کام شروع کریں مائیکرو فوٹوگرافی پر کام شروع کریں کمال کریں۔ کچھ نیا کرنے کی لگن اور پھر اس سے بہتر کرنے کی لگن آپ کو ایک اچھا فوٹوگرافر بنا دے گی انشاءاللہ۔ اپنے اچھے اور برے کام کے آپ خود ذمہ دار ھیں کسی پر الزام تراشی مت کریں۔ ذمہ داری قبول کریں کیونکہ تصویر پر آپکا نام ھے کسی اور کا نہیں۔ آپ مالک ھیں اور آپ ھی ذمہ دار بھی۔
اگر آپ فنکشن کی تصویریں بنانا چاھتے ھیں تو درمیانے درجے کے زوم لینز کارآمد ھیں فلیش کے ساتھ کیمرہ آئی ایس سو اور اپرچر سے کنٹرول کریں۔ اگر لائٹ اچھی ھو تو بڑے اپرچر کے لینز کے ساتھ بغیر فلیش بھی کریٹو کام کیا جاسکتا ھے۔ گروپس ھمیشہ ترتیب ٹھیک کروا کر بنائیں بے ترتیب کسی کام کے نہیں ھوتے ۔ تصویر بنا کر چیک کریں ضرورت سمجھیں تو دوبارہ بنا لیں ۔ ایڈیٹنگ میں سب ٹھیک نہیں ھو سکتا۔ اگر شوٹ کرنا ھے تو پلیز سٹوڈیو لائٹس استعمال کریں بے شک آپ کتنے ھی ایکسپرٹ کیوں نہ ھوں فلیش فل فگر پر برابر روشنی نہیں دے سکتی۔ فلیش اور سٹوڈیو لائٹ کی روشنی زیادہ شارپ ھوتی ھے اسی کو استعمال کریں۔ ایل ای ڈی لائٹ سٹل فوٹوگرافی کیلئے مناسب نہیں۔ ورنہ آوٹ ڈور شوٹ مناسب رھے گا دن کی روشنی میں۔ محنت اور لگن سے کام کریں اور کرتے جائیں انشاءاللہ اللہ آپ کو کامیابی دیں گے۔ آپ کا کسی سے مقابلہ نہیں ھے آپ اپنے مدمقابل خود ھیں اپنے سے بہتر تصویر بنا کر دکھائیں ۔ اچھی تصویر، اچھا اخلاق، اچھا لباس ھی آپ کو اچھا فوٹوگرافر ثابت کرتا ھے نہ کہ بڑی بڑی باتیں ڈائیلاگ اور کیمرے۔ اللہ سب کے کام میں برکت ڈالیں اور سب کو اچھی تصویر بنانے کی توفیق دیں امین۔