آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کاپی کیٹس پروڈکشنز کے مشترکہ تعاون سے پیش کیے جانے والا تھیٹر ”ہاؤس اریسٹ“ کی پریس کانفرنس کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، صدر آرٹس کونسل محمد احمد اور ڈائریکٹر داور محمود نے پریس بریفنگ دی۔ ڈرامہ انور مقصود کا تحریر کردہ ہے۔ جس کے ہدایت کار داور محمود ہیں۔۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آج بہت اچھی خبر ہے کہ انور مقصود صاحب کا نیا ڈرامہ ”ہاؤس اریسٹ “ 15 جنوری 2025ءسے آرٹس کونسل میں شروع ہونے جارہا ہے، میڈیا کا روز ہی شکریہ ادا کرنے کا دل چاہتا ہے جس طرح وہ آرٹس کونسل کی کوریج کررہا ہے، آج عوامی تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح کریں گے ، دسمبر میں اردو کانفرنس ہونے جارہی ہے، انہوں نے بتایا کہ انور مقصود دو سال سے اس ڈرامہ کے آئیڈیاز پر کام کررہے تھے ، مجھے لگتا ہے لڑکپن میں انور مقصود صاحب نے کوئی ایسا کام کیا ہوگا جس پر انہیں ہتھکڑی لگی ، انہوں نے کہاکہ ہمارے تھیٹر کو زنگ لگ رہا تھا ، تالے لگے ہوئے تھے جب انور مقصود نے پونے چودہ اگست لکھا، فاطمہ ثریا بجیا مرتے دم تک آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں رہیں، وہ کہتی تھیں کہ کسی بھی مہذب آدمی کی دو چیزیں دیکھنی چاہیے ایک اس کا باورچی خانہ اور دوسرا غسل خانہ۔ اگر یہ دو دونوں گندی ہوں تو بدتہذیب لوگ ہیں، میں فاطمہ ثریا بجیا کو کبھی بھول نہیں سکتا، اردو کانفرنس میں بھی انہیں یاد رکھوں گا، انہوں نے کہاکہ جب اس شہر میں چالیس چالیس لاشیں گرتی تھیں تب انور مقصود نے ہمارا ساتھ دیا، معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود نے کہاکہ بچپن میں ہاتھوں میں ہتھکڑی پڑی اور بڑھاپے میں زبان پر ۔ داور سے پوچھا کہ یہ کھیل آئین ،حکومت ، سیاستدانوں اور مذہبی لوگ یا کسی اور کے خلاف تو نہیں۔ داورنے مجھ سے پوچھا، آپ سچ کہہ رہے ہیں؟ میں نے کہا نہیں، گھر نمبر804، ایکسٹینشن سمیت میں نے پلے کے تقریباً 9 نام تبدیل کیے، پھر ”ہاؤس اریسٹ“ سلیکٹ کیا، انہوں نے بتایا کہ دل تو بہت چاہ رہا ہے کہانی بتانے کا مگر آپ سب کو ڈرامہ دیکھ کر مزہ آئے گا، بڑے مزے کی کہانی ہے ، کامیڈی بھی ہے، کسی کے خلاف نہیں۔ ہدایت کار داور محمود نے کہاکہ میں نے اتنے ڈرامے کیے مگر انور مقصود صاحب کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، میری پوری کوشش ہے کہ آپ سب کو بھرپور ڈرامہ پیش کیا جائے، صرف کراچی میں ایونٹس ہورہے ہیں اسلام آباد کنٹینر کی نذر ہوچکا ہے۔ 15جنوری 2025ءکو شروع ہونے والا ڈرامہ رمضان سے قبل اختتام پزیر ہوگا۔