کراچی یونین آف جرنلٹس کے صدر طاہر حسن ، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کشمیر ی اور دیگر اراکین مجلس عاملہ نے پنجاب میں نام نہاد ہتک عزت کے قانون کو آزادی اظہار رائے کے خلاف اور اسے صحافیوں کا دشمن قرار دے دیا۔۔ اپنے ایک بیان میں کے یوجے کی قیادت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سےقانون سازی سے قبل کسی اسٹیک ہولڈر کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔۔ کے یوجے اس قانون کو مسترد کرتی ہے۔ کے یوجے کے صدر اور جنرل سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ ۔۔۔ میڈیا کو پہلے ہی کئی طرح کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ اب مزید پابندیاں برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی صحافت اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں۔ اگر آزادی صحافت کو سلب کیا گیا تو ملک میں جمہوریت کو بھی خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ۔۔ صحافیوں کی آنکھیں اور زبانیں بند کرنے کے لئے پنجاب حکومت آمرانہ ڈگر پر چل پڑی ہے۔ کے یوجے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ۔۔ پنجاب میں آمرانہ قانون کے نفاذ کے خلاف ہم لاہور پریس کلب اور پنجاب یونین آف جرنلٹس کی قیادت سے بھی رابطے میں ہیں اور ان کے ہر فیصلے کی تائید کرتے ہیں، پنجاب حکومت نے اگر اس قانون کو فوری واپس نہیں لیا تو صحافیوں کا احتجاج صرف پنجاب میں ہی نہیں ملک بھر میں ہوگا۔۔