ہتک عزت کے دعووں کیلئے ٹریبونل تشکیل نہ دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے فلم سٹار ریما خان کی درخواست پر سماعت کی، ریما خان نے درخواست میں ہتک عزت کے قانون کے تحت ٹریبونل تشکیل نہ دینے کے اقدام کو چیلنج کیا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عمر فاروق خان عدالت پیش ہوئے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہتک عزت قانون 2024 کے تحت ٹریبونل تشکیل دیئے جانے تھے، 2024 کے قانون سے پہلے ایڈیشنل سیشن جج اور سول جج ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرسکتے تھے۔درخواست میں کہا گیا کہ اب ہتک عزت کے دعویٰ پر صرف ٹریبونل ہی سماعت کرسکتا ، فلم سٹار ریما ٹریبونل تشکیل نہ دینے کی وجہ سے دعویٰ التوا کا شکار ہیں۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عید کے بعد ٹریبونل تشکیل دے دیئے جائیں گے۔بعدازاں عدالیہ عالیہ نے فلم سٹار ریما خان کی درخواست پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 10 اپریل تک ملتوی کردی۔ اب پنجاب حکومت کو عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کرنا ہوگا۔ معاملے کی اگلی سماعت کا انتظار ہے، جس میں عدالت حکومتی اقدامات کی قانونی حیثیت پر فیصلہ سنائے گی۔