میڈیا کی نمائندہ تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب ہتک عزت بل 2024 کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کاؤنسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) کے نمائندوں نے جوائنٹ ایکشن کمیشن کے ورچوئل اجلاس میں شرکت کی۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پنجاب ہتک عزت بل 2024 کو سیاہ قانون قرار دے کر مسترد کردیا۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بغیر قانون بنایا گیا، اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے گا اور حکومت پنجاب کے بل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ بل کے خلاف کوریج کے بائیکاٹ، احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سمیت ہر آپشن پر غور کیا جائے گا۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق بارہا واضح کیا گیا ہے کہ میڈیا تنظیمیں قانون بنانے کے خلاف نہیں لیکن قانون سازی سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہتک عزت بل میں موجود متعدد آمرانہ شقوں کی بھی نشاندہی کی۔اعلامیے کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں، دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کرکے جدوجد آگے بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اور صحافتی تنظیموں کے تحفظات اور احتجاج کے باوجود صوبائی حکومت کا پیش کردہ ہتک عزت بل 2024 منظور کرلیا گیا تھا۔