معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ لاپتہ ہوگئے۔بلال شاہ کی والدہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ بلال شاہ کی والدہ کی درخواست آج سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔ وکیل منیر احمد نے گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حریم شاہ برطانیہ میں ہے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بلال شاہ کو 26 اگست کو نامعلوم افراد مین کورنگی روڈ سے اغوا کر کے لئے گئے۔والدہ نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کیخلاف کوئی کیس نہیں۔ بلال شاہ ایک ہفتہ قبل لندن سے کراچی پہنچے تھے۔ بلال شاہ اپنی والدہ سے ملاقات کے بعد گھر سے نکلے تو انہیں مین کورنگی روڈ سے اغوا کر لیا گیا۔ ڈیفنس تھانے میں درخواست بھجوادی، پولیس تاحال بازیاب نہیں کرواسکی۔ دریں اثنا ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر بلال شاہ کو کراچی سے اغواء کرلیا گیا ہے۔ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بلال شاہ گزشتہ ہفتے لندن میں ان کے ساتھ تھے، وہ کراچی پہنچے تو انہیں سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے اٹھالیا،عینی شاہدین کے مطابق کچھ افراد گاڑی میں آئے اور ان کے شوہر کو اٹھا کر لے گئے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ “مجھے نہیں پتہ میرے شوہر بلال شاہ کے اغوا ءمیں کون لوگ ملوث ہیں؟سیکیورٹی اداروں سے درخواست ہے میرے شوہر کو بازیاب کروایا جائے۔ میرے شوہر کا کسی قسم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، شوہر کی بازیابی کے لیے کورٹ میں پٹیشن بھی جمع کروا دی ہے”۔انہوں نے وضاحت کی کہ متنازعہ باتیں پھیلانے والا اکاؤنٹ ان کا نہیں، پتہ نہیں کون چلا رہا ہے۔دوسری جانب سے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بلال شاہ سے حریم شاہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں حریم شاہ کے شوہر بلال حسین شاہ کے اغوا کا مقدمہ کراچی کے ڈیفنس تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کراچی شیراز نذیر کے مطابق ایف ائی آر نمبر 533/23 بلال شاہ کی والدہ بی بی شہزادی بیگم کی مدعیت میں ڈیفنس تھانے میں درج کی گئی ہے۔خاتون کے مطابق ان کے بیٹے بلال حسین شاہ کو 27 اگست کو کراچی کے علاقے قیوم آباد بلاک بی کی گلی نمبر 6 میں میں گھر سے نکلنے کے بعد اغوا کیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق بلال کے گھر سے نکلنے کے بعد مین روڈ پر تین مختلف گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے انہیں اغوا کیا۔مدعیہ کے مطابق اغوا کرنے والے ان کے بیٹے کی گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔حریم شاہ کے شوہر کے اغوا کی ایف ائی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی ہے پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔