سینئر صحافی اور معروف اینکر حامد میر کی دس ماہ بعد چھوٹی اسکرین پر واپسی ہوگئی، آٹھ مارچ کو انہوں نے جیونیوز سے اپنا مشہور زمانہ پروگرام کیپٹل ٹاک کیا۔۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں صحافی اسد طور پر حملے کے خلاف جلوس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حامد میر نے انتہائی سخت الفاظ ادا کیے تھے جس کے بعد ان کے چینل نے انہیں 31 مئی 2021 کو آف ایئر کردیا تھا۔اور جیو،جنگ انتظامیہ نے روزنامہ جنگ میں ان کے کالموں کا سلسلہ بھی بند کردیا تھا۔۔ جس کے بعد سے مسلسل حامد میر پس منظر میں تھے۔۔ گزشتہ روزمولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ آزادی صحافت کی بات کی ہے کیونکہ صحافی جمہوریت کا اہم حصہ ہیں۔ سنہ 1988 تک سرکاری طور پر کاغذ درآمد کیا جاتا تھا لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس سے پابندی ہٹائی ۔ کوئی جتنی بھی طاقت میں ہو اس کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ کسی کی زبان بندی کرے۔ وہ پانچ سال صدر رہے اور ان کے خلاف میڈیا میں بہت کچھ کہا جاتا رہا لیکن انہوں نے کبھی اعتراض نہیں اٹھایا۔ پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں کو مخاطب کرکے سابق صدر نے کہا آپ کیلئے ایک خوشخبری ہے کہ آج سے حامد میر بحال ہوگئے ہیں اور وہ اپنا پروگرام دوبارہ شروع کریں گے۔ آصف زرداری کے اس بیان پر پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں نے تالیاں بجائیں۔
