hamara apna muhim jo by syed badar saeed

ہمارا اپنا” مہم جو”۔۔۔

بلاگ: سید بدرسعید۔۔

صحافت کے نقار خانے میں کچھ آوازیں ایسی ہیں جنہیں میں اپنی آواز کہہ سکتا ہوں ۔ مہم جو کی پلاننگ سید عون شیرازی نے ہمارے کیفے درویش میں بیٹھ کر کی تھی ۔ پاکستان میں دم توڑتی تحقیقاتی صحافت کو وینٹی لیٹر سے اٹھا کر حقیقی میدان میں اتارنے کے لئے ہم دوستوں نے بہت سے خواب دیکھے تھے ۔ ہم انگلیوں پر گنا کرتے تھے کہ بیانیہ صحافت کے اس ڈھیر میں تحقیقاتی صحافی کتنے بچے ہیں ۔ پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم یہ میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ۔ مہم جو دیوانوں کا خواب تھا ۔ سید عون شیرازی اور ساتھیوں کی ٹیم اپنی اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ پاگلوں کی طرح اس کے لئے محنت نہ کرتی تو سفر یہاں تک نہ پہنچتا ۔ ڈکلریشن کے لئے کتنے چکر لگے ، ہر بار نام ریجیکٹ ہونے کا دکھ لیے کیسے واپس آیا جاتا ہے ، کس کس سے لڑا جاتا ہے ، یہ سب طویل داستان ہے ۔ جس طرح میں سینہ ٹھوک کر کہتا ہوں کہ صحافتی مخبریوں کے حوالے سے میڈیا انڈسٹری کی سب سے بڑی ویب علی عمران ڈاٹ کام میری اپنی ویب ہے کیونکہ مخبر اعلی علی عمران جونیئر میرے اپنے ہیں ۔ اسی طرح یہ کہنے کی جرات بھی رکھتا ہوں کہ مہم جو میرا اور میرے دوستوں کا اخبار ہے ۔ ایسے ہی کچھ اور میگزین ، ویب اور اخبارات ہیں جنہیں ہم بہت جلد ایک چین کی صورت لنک اپ کریں گے ، کئی کے نام نہیں لکھے جا سکتے کیونکہ ان کے پیچھے موجود ورکنگ جرنلسٹ دیگر اداروں میں ملازمت بھی کر رہے ہیں ۔ مہم جو کی انفرادیت یہ ہے کہ اس میں صرف تحقیقاتی سٹوریز ہوں گی ۔ بریکنگ نیوز ، انکشافات اور سکینڈلز ہوں گے، یہاں بیانات اور پریس ریلیز کی صحافت نہین ہو گی ۔ کیا یہ آسان کام تھا ؟ میرے خیال میں موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں ہے اس کے لئے پہلے ہمیں وکلا کی ایک ٹیم بلکہ ایک پورا چیمبر چاہئے تھا ۔ علی عمران جونیئر پر ہر دوسرا بندہ اٹھ کر سائبر کرائم کا کیس ٹھوک دیتا ہے ، کیا علی عمران جونیئر ان کیسز میں الجھتے تو کام جاری رکھ پاتے ؟ ان کے پیچھے وکلا کی ایک پوری ٹیم کھڑی ہونا ضروری تھی ۔ یہی ٹیم سید عون شیرازی کے پیچھے بھی کھڑی ہے ۔ یہی میری بھی لیگل ٹیم ہے ۔ کیفے درویش کی رجسٹریشن کے معاملات بھی انہی کے ذمہ تھے ۔ میری تو خواہش ہو گی کہ علی عمران جونیئر ویب کی اہم سٹوریز بھی مہم جو کا حصہ بنیں لیکن اس کے لئے ایک اور کڑاھی ہم سب کو اکٹھے کھانا ہو گی ۔ مجھے مہم جو سے بہت سی امیدیں ہیں ۔ یہ ہم سب کا وہ خواب ہے جس کی تعبیر اب ملنے کو ہے ۔ بہت جلد مہم جو اپنی اشاعت کا آغاز کرے گا ۔(سید بدرسعید)۔۔

(سیدبدرسعید عرف شاہ صاحب نے عون شیرازی اور اس کے نئے ایڈونچر سے متعلق اتنا کچھ لکھ دیا کہ اب مجھے نہیں لگتا کہ میں بھی اپنے جذبات کا اظہار کروں۔۔ ۔۔بدرسعید ہو یاعون شیرازی۔۔عمران جونیئر  سب ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے دانے ہیں۔۔جو اپنے اپنے محاذ پر غلط کو غلط کہہ رہے ہیں اور ببانگ دہل ایسا کررہے ہیں۔۔۔مہم جو۔۔کیلئے نیک خواہشات اور ہر طرح کی مدد اور تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ بس اتنا ا ہی کہہ دینا کافی ہے کہ ۔۔ عون شیرازی  مجھ سے الگ نہیں،میرا اپنا ہے اور اس کی مہم جوئی میں اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔۔علی عمران جونیئر)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں