hafta roza lailpur akhbar ki 91th salgira

ہفتہ روزہ لائلپور اخبار کی 91 ویں سالگرہ

تحریر : قمرالزمان بٹ

فیصل آباد سے 1933 سے مسلسل شائع ہونے والے ہفت روزہ جریدے لائلپور اخبار اور نصف صدی تک اس ادارے میں بطور چیف ایڈیٹر فرائض انجام دینے والے بشیر ممتازمرحوم کی 91 ویں سالگرہ کی مشترکہ تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر بشیر ممتاز مرحوم کے صاحبزادے ظہیر احمد بابر ، بھانجوں ظہور احمد ڈار ، احمد ندیم صابر ، سینئر صحافیوں مقبول احمد لودھی ، قمرالزمان بٹ اور ملک محمد شفیق نے اخبار کی سالگرہ کا کیک کاٹا جبکہ اخبار کی ترقی کے لئے دعا اوربشیر ممتاز مرحوم کی مغفرت و بخشش کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ بشیرممتاز دو سال قبل امریکہ سے فیصل آباد واپسی پر طبیعت خراب ہونے پر مختصر علالت کے بعد 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔ اخبار اور صاحب اخبار کی سالگرہ کی اس منفرد تقریب کے دوران شرکاء نے لائلپور اخبار کی تاریخ اور چیف ایڈیٹر بشیر ممتازمرحوم کی صحافتی خدمات پر روشنی ڈالی اور خراج عقیدت پیش کیا ۔ ضلع کچہری کی تاریخی کیلہ گفٹ فنڈ عمارت میں واقع لائلپور اخبار کے دفتر میں اخبار اور چیف ایڈیٹر بشیر ممتاز مرحوم کی اکانویں سالگرہ کی مشترکہ تقریب میں بشیر ممتاز کے صاحبزادے ظہیر احمد بابر ، بھانجوں ظہور احمد ڈار ، احمد ندیم صابر ، سینئر صحافیوں مقبول احمد لودھی ، قمرالزمان بٹ ، محمد شفیق ، ناصر مٹو ، ندیم عالم ، کالم نگار بشیر صنوبر ،تاجر رہنماﺅں چوہدری محمد اصغر ، میاں محمد ادریس کے علاوہ عثمان ندیم ، عمران شاہ ، عرفان شاہ ، مقدر حسین بٹ اور گلزار احمد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اورشرکاء نے ادارے کی سربلندی اور بشیر ممتاز مرحوم کی مغفرت و بخشش کے لئے دعا بھی کی ۔ شرکاء نے اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ لائلپور اخبار کا اجراء 1933 میں ہوا اور بشیر ممتاز مرحوم بھی اسی سال پیدا ہوئے تھے ۔ بشیر ممتاز نے نصف صدی تک لائلپور اخبار کے چیف ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ وہ انتہائی ملنسار ، شفیق ، متواضع ، خود دار اور منکسرالمزاج شخصیت کے مالک تھے ۔ انہوں نے ساری زندگی اپنے اخبار کے ذریعے زراعت کی ترقی اور زرعی شعبے سے منسلک افراد کو سہولتیں دلانے کی جدوجہد کی جس کے سب ہی معترف ہیں ۔ شرکاء نے کہا کہ لائلپور اخبار سے متعدد نامور اور جری صحافیوں نے اپنی صحافت کا آغاز کیا جن میں بانی روزنامہ عوام خلیق قریشی ، بانی روزنامہ غریب ریاست علی آزاد ، چوہدری علی محمد خادم (بعد میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ایم پی اے بنے) ، بانی روزنامہ ہلال پاکستان اور ہفت روزہ منشور ملک مظفر ثانی (روزنامہ آفاق کے آخری ایڈیٹر) بھی شامل ہیں ۔ اسی طرح سینئر صحافیوں برکت دارا پوری ، واحد بخش ، بانی لائلپور پریس کلب علی محمد ماہی ، اشرف مرزا ، بانی روزنامہ کمرشل نیوز مجید انامی اور قمرالزمان بٹ سمیت متعدد صحافیوں نے مختلف ادوار میں اس موقر و معتبر جریدے لائلپور اخبار میں صحافتی خدمات سرانجام دیں ۔ تقریب کے بعد پرتکلف عصرانہ کا اہتمام کیا گیا اور شرکاء کا گروپ فوٹو بھی بنایا گیا ۔ واضح رہے کہ اپنے اجراء کے بعد سے ڈپٹی کمشنر لائلپور (موجودہ فیصل آباد) ہی ہفت روزہ لائلپور اخبار کا انچارج ہوتا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر عبدالمجید مفتی نے 1966 میں ہفت روزہ لائلپور اخبار کی سرپرستی سے دستبرداری اختیار کر لی اور اس اخبار کا آزاد بورڈ بنا دیا کہ بورڈ خود اپنے مالی وسائل پیدا کر کے اخبار کی اشاعت برقرار رکھے ۔ ڈپٹی کمشنر عبدالمجید مفتی بعدازاں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور چیئرمین نیشنل پریس ٹرسٹ (این پی ٹی )کے عہدوں پر بھی فائز رہے ۔(قمرالزمان بٹ)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں