معروف گلوکار و اداکار بلال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں جب کہ انہوں نے 15 سال قبل ہی شادی کرلی تھی۔نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گلوکار نے بتایا کہ ان کا پہلا میوزک البم 2012 میں ریلیز ہوا تھا، حیران کن طور پر البم کے وہ گانے مقبول ہوئے، جنہیں وہ البم میں شامل ہی نہیں کرنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب 12 سال بعد وہ اپنا نیا البم ریلیز کرنے جا رہے ہیں، جس سے انہیں بہت ساری توقعات ہیں۔بلال سعید نے بتایا کہ مدرسے سے غائب ہونے اور چھٹیاں کرنے کے باوجود حافظ قرآن بنے، جس کے کافی عرصے بعد انہوں نے گلوکاری شروع کی۔انہوں نے اعتراف کیا کہ حافظ قرآن ہونے کے بعد گلوکاری شروع کرنے پر انہیں مشکلات پیش آئیں اور انہیں طعنے ملتے تھے، وہ لوگوں کو دیکھ کر راستہ بدل دیتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ جب ان کا پہلا گانا ریلیز ہوا اور مقبول ہوا، تب بھی وہ اپنے مدرسے کے استاد کو دور سے دیکھ کر راستہ بدل دیتے تھے۔بلال سعید نے حافظ قرآن ہونے کے باوجود گلوکاری کرنے کا کریڈٹ والد کو دیا اور کہا کہ والد نے انہیں یہ سمجھ کر گلوکاری کی اجازت دی کہ کل کو ان کا بیٹا یہ نہ کہے کہ والد نے ان پر سختی کی اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے نہ دی۔