کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کے یو جے کے رکن اسحاق بلوچ سمیت جی ٹی وی کی ٹیم پر پرانا گولیمار میں سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے ارکان کی جانب سے حملے کی سخت الفاط میں شدید مذمت کی ہے اور سندھ حکومت سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کے یو جے کے رکن جی ٹی وی کے اسپورٹس ایڈیٹر اسحاق بلوچ اپنی رپورٹنگ ٹیم کے ہمراہ جس میں رپورٹر محسن مہدی اور کیمرہ محمد عبید شامل تھے اولڈ گولیمار اسٹیڈیم پر رپورٹ کرنے پہنچے تھے جہاں سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری رحیم بخش اور ان کے ساتھیوں نے جی ٹی وی کی ٹیم پر حملہ کیا اور انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رحیم بخش اولڈ گولیمار اسٹیڈیم پروجیکٹ کے کوارڈینیٹر بھی ہیں اور جی ٹی وی کی ٹیم تین کروڑ روپے خرچ ہونے کے بعد بھی اسٹیڈیم کی حالت زار پر رپورٹ کرنے اسٹیڈیم پہنچی تھی جس پر کرپٹ عناصر نے انہیں کام سے روکنے کی کوشش کی۔ بیان میں وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس کا نوٹس لیں اور صحافیوں پر حملہ کرنے والے کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔

جی ٹی وی کی ٹیم پر حملے کی مذمت۔۔
Facebook Comments