تحریر: اظہر بخاری۔۔
بہت کچھ بہت کچھ زندگی میں پہلی بار ہوتا ہے۔ غلط ریت کو ایک نہ ایک دن تو ختم ہونا ہے، بے اصولی کے اصول آخر کب تک چل سکتے ہیں؟؟وہ جو کارکن صحافی ہیں، وہ جو اپنے بھائیوں کا بازو بن سکتے ہیں وہ جو خود مسائل کا سامنا کررہے ہیں، وہی تو جانتے ہیں ان کے بھائیوں کو کن مسائل کا سامنا ہے لیکن وہ کبھی یونین یا کلب کا انتخاب نہیں جیت پاتے کیونکہ انہیں کسی گروپ یا پینل کی حمایت یا ٹکٹ نہیں مل پاتا۔ کئی مخلص دوست صرف اس بنیاد پر صحافیوں کی نمائندگی سے محروم کردئیے جاتے ہیں، یہ اچھی روایت نہیں ہے یہ اچھے اصول نہیں ہیں۔ اس ریت کو ختم کرنا ہوگا اس اصول کو توڑنا ہوگا۔ جیت کی لہر کے ساتھ بہنے کے بجائے منزل کی جانب لہر کے بہائو کے خلاف بھی تیرنا سیکھنا ہوگا۔
ماضی میں کئی بار ایسی کوششیں ہوئیں لیکن بدقسمتی سے کامیاب نہ ہوسکیں، اور مفادات کے تحفظ کی یقین دہانیاں کرانے والے منتخب ہو کر آتے رہے، لیکن صحافیوں کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے چلے گئے۔ اس بار زاہد شیروانی اور سلمان قریشی نے ایک بار پھر روایات کے برعکس قدم اٹھایا ہے، اگر یہ دونوں جیت گئے تو ان پر کسی گروپ یا پینل کو کرائی گئی یقین دہانیوں کا کوئی قرض نہیں ہوگا، یہ کھل کر اپنے بھائیوں کو نمائندگی کرسکیں گے کیونکہ ان پر صرف انہی کا قرض ہوگا۔
جرنلسٹ گروپ ہو یا پروگریسو گروپ دونوں میں مخلص اور اچھے لوگ موجود ہیں لیکن دونوں گروپوں میں موجود بااثر مفاد پرست ٹولے منتخب نمائندوں کو کھل کر کام نہیں کرنے دیتے، ایک بار صرف ایک بار گروپوں کا طلسم ٹوٹ گیا تو صحافیوں کے اصل نمائندوں کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔
میں یہ نہیں سمجھتا کہ زاہد شیروانی یا سلمان قریشی جیت کر لاہور کے صحافیوں کیلئے دودھ کی نہریں بہا دیں گے، لیکن کم سے کم ان کے حقوق کیلئے بغیر کسی مصلحت کے آواز تو اٹھا سکیں گے، وہ اپنے ووٹرز کے علاوہ کسی کو جوبدہ نہیں ہوں گے، اور صرف ووٹڑز ہی ان کا احتساب کریں گے۔
لاہور پریس کلب کے دوستوں سے درخواست ہے ایک بار گروپوں کا طلسم توڑ کر ووٹ کاسٹ کریں، زاہد شیروانی اور سلمان قریشی کی حمایت کریں۔ مجھے اللہ پر بھروسہ ہے، انہیں کئی سالوں سے التوا کا شکار کلب، صحافی کالونی اور فیز ٹو کے معاملات پر پیشرفت میں نمایان فرق نظر آئے گا، میں دونوں کو جانتا ہوں زاہد شیروانی اور سلمان قریشی خود آرام سے بیٹھیں گے نہ منتخب باڈی کے دوسرے دوستوں کو سستی کا مظاہرہ کرنے دیں گے۔۔پلیز ووٹ اینڈ سپورٹ۔۔۔زاہد شیروانی ۔۔۔۔امیدوار برائے خزانچی اورسلمان قریشی۔۔۔۔ امیدوار برائے نائب صدر۔۔۔(اظہر بخاری)