لاہورپریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گورنرسندھ کامران ٹسوری نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔ صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ جعفر بن یار ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، رانا شہزاد ، اعجاز مرزا ، عالیہ خان ، فاطمہ مختار بھٹی ، عابد حسین اور بدر سعید نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا ۔ گورنرسندھ کامران ٹسوری نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے لاہور پریس کلب آیا ہوں، پنجاب و لاہور بڑا بھائی ہے،لاہوری محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھارت پاکستان میں بیٹھے لوگوں کے ذریعے ملکی حالات خراب کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی فوج کی وردی ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کاکہناتھاکہ اگر گورنر کے پی کی جگہ وہ گورنر ہوتے تو وزیر اعلیٰ گنڈا پور کو چائے اور پکوڑے کھلاتے۔ انھوں نے کہاکہ عمران خان جس حال میں ہیں اس کے ذمہ دار وہ خود ہیں، بیرونی طاقتیں پاکستان کے حالات خراب کروانا چاہتی ہیں، 26نومبر کی رات 278 لوگوں کے قتل کا دعویٰ کیاگیا، چار دن اسلام آباد میں رہا ہوں کسی مقتول کے لواحقین نہیں ملے اگر لواحقین ہیں تو سامنے آئیں، اعلان کرتا ہوں فی لواحق بیس لاکھ روپے کی امدادی رقم دوں گا،بانی پی ٹی آئی ریاست سے مذاکرات کرنے والے بنیں وہ انہیں سہولت فراہم کر دیں گے۔انھوں نے کہاکہ ایک ماہ کے لیے آئی جی سندھ کو میری صوابدید پر دیں کوئی بڑا جرم نہیں ہوگا۔انھوں نے کہاکہ اگر بھارت چیمپینز ٹرافی کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوا تو ضرور کھیلیں گے۔ انھوں نے مزید کہاکہ سندھ گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کے پچاس ہزار بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں، ساڑھے آٹھ لاکھ راشن ، ساڑھے آٹھ ہزار لیپ ٹاپ دئیے جس میں سندھ حکومت کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں، گیارہ ہزار سولر سسٹم ، ساڑھے سات ہزار موٹرسائیکلیں لوگوں کو مفت دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ ملک کو ترقی دینی ہے پاکستان کے پاس جو وسائل ہیں وہ دنیا کے پاس نہیں ہے، نوجوان ہمارے پاس 72فیصد ہیں ،ارشد ندیم جس نے جولین نیزہ پھینک کر اپنا مقام بنایا اس کا باپ مستری تھا جذبہ سے کامیاب ہوا، قوم میں جذبے کی کمی نہیں ہے، دنیا میں دشمنوں کوہمارے 72 فیصد نوجوان کھٹکتے ہیں جوسیمنٹ لوہے سے گولڈ میڈل جیت کر آ جائے۔انھوں نے کہاکہ ہم بالکل مایوس نہیں ہیں جب ہم سمجھیں گے قوم ایک ہو گئی تو سارے کام ہوجائیں گے۔انھوں نے کہاکہ آپ کے پاس افواج پاکستان مضبوط ہیں تو سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں، اگر کوئی آتا تو چائے پلا کر واپس بھیج دیتے ہیں، سرحدوں کے ساتھ ایس آئی ایف سی بناکر بیرونی سرمایہ کاری پر بھی کام کررہے ہیں۔انھوں نے لاہورپریس کلب میں جدید آئی ٹی لیب بنانے کابھی اعلان کیا ۔ صدر ارشد انصاری نے گورنر سندھ کامران ٹسوری کا کلب آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ سندھ میں آئی ٹی فیلڈ میں ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے انقلاب برپا ہوگیا ہے ، تعلیمی پالیسیوں سے نوجوانوں میں ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آرہاہے ،کامران ٹسوری سماجی فلاح وبہبود کے کاموںمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور بہترین سیاسی بصیرت اور تجربہ کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرتے ہیںجس کا واضح ثبوت گورنرہاؤس کے دروازے عوام کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ، گورنرسندھ ریاستی عہدیداروں میں عوام کے ساتھ براہ راست رابطے کا بہترین نمونہ ہیں ،ان کا بزنس میں تجربہ عوامی خدمت کو روشنی عطا کررہاہے ۔ انھوں نے گورنرسندھ کامران ٹسوری کو کلب کی اعزاز ی ممبرشپ دینے کا اعلان کیا اور انھیں کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے ۔