پنجاب کے وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا ہے کہ اخبارات کو اشتہارات کے واجبات جلداداکردیئے جائیں گے،سرکاری اشتہارات مساویانہ بنیادپر جاری کئے جائیں گے، جلدوزیراعلیٰ پنجاب بھی سی پی این ای کے وفدسے ملاقات کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ملاقات کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سی پی این ای کے صدرعارف نظامی ، سابق صدرضیاشاہد، نائب صدراورپنجاب کمیٹی کے چیئرمین ایازخان ، اعجازالحق، رحمت علی رازی، ارشاداحمدعارف، کاظم خان، ذوالفقار احمد راحت، اشرف سہیل، تنویر شوکت، ملک لیاقت علی، سردار عابد علیم، زبیر محمود، بشیر احمد خان، وقاص طارق فاروق، توفیق الرحمان سیفی، عثمان غنی اور میاں اکبر علی سمیت پنجاب سے تعلق رکھنے والے اخبارات کے مدیران شریک تھے۔ عارف نظامی نے صمصام بخاری کا شکریہ اداکرتے ہوئے انہیں آزادی صحافت اور آزادی اظہار کی صورتحال اور قومی اخبارات کو درپیش مسائل اورمشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی تعدادکم کرنے کی میڈیا حکمت عملی ناکام ہوچکی ۔ حکومت کی طرف سے اشتہارات کی اشتہارات کی مساوی تقسیم اور اخبارات کے واجب الادا رقم جلد از جلد کی جائے تاکہ اخبارات کی معاشی صورتحال کو بہتر کیا جا سکے۔
سرکاری اشتہارات کی مساویانہ تقسیم کا فیصلہ۔۔
Facebook Comments