ایشیا پاک سرمایہ کاری گروپ نے لوٹے کیمیکل پاکستان کے 75.01 فیصد شیئرز خرید لیے۔ یہ معاہدہ 68 ملین ڈالر میں مکمل ہوا، جس کے تحت ایشیا پاک انویسٹمنٹس لوٹے کیمیکل کے اکثریتی حصص کی مالک بن گئی۔ دوسری جانب، بول نیوز کے ملازمین سنگین مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ تین دن سے ٹرانسپورٹ بند ہے، اور ملازمین سے کہا گیا کہ اپنی ذاتی خرچ پر دفتر آئیں، تنخواہ جلد مل جائے گی۔ پہلے دن کچھ افراد کو ادائیگی ہوئی، مگر دوسرے دن کسی کو رقم نہیں ملی۔ جنہوں نے جیب سے خرچ کر کے دفتر آنے کی کوشش کی، انہیں فنانس ڈیپارٹمنٹ میں کوئی جواب نہیں ملا، بلکہ بدتمیزی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ پہلا موقع نہیں، تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل بھی یہی صورتحال پیش آئی تھی۔ اس وقت بھی ملازمین سے وعدہ کیا گیا تھا کہ سفری اخراجات کے بدلے رقم ادا کی جائے گی، لیکن وہ رقم آج تک کسی کو نہیں ملی۔ صورتحال اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ ایک ملازم کو ایڈمن اسٹاف کی جانب سے دھکے بھی دیے گئے۔ بول نیوز کے ملازمین مسلسل مالی دباؤ اور غیر یقینی کا شکار ہیں، جبکہ اس کے مالکان اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں مصروف نظر آتے ہیں۔