پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے غیر ملکی ٹی وی چینل کو اپنے ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق بغیر اوپن بڈزکے دے دیئے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ بلامعاوضہ نشریاتی حقوق دے کر ایک تنازع کا تصفیہ کیا گیا ہے ۔ پی سی بی کو ایئر ٹائم بلامعاوضہ ملا ہے یہ ڈیل شفاف انداز میں ہوئی ہے۔ پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ چینل پی سی بی کا میڈیا پارٹنر ہےاور ایک تنازع کے حل کے لئے قانونی مشاورت کے بعد غیر ملکی چینل کو پاکستان میں فرسٹ کلاس، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ دکھانے کے نشریاتی حقوق بلامعاوضہ دیئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے آئین کے تحت ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کردیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق چھ صوبائی ٹیموں پر مشتمل قائد اعظم ٹرافی ،پاکستان کپ ون ڈے اور قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ کرانے کے لئے نئے اور پرکشش نظام کا اعلان کیا ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق غیر ملکی چینل قومی سیزن کے دوران دس دن قومی ٹی ٹوئینٹی،دس دن پاکستان کپ اور پانچ دن قائد اعظم ٹرافی کا فائنل براہ راست دکھائے گا۔حیران کن طور پر پی سی بی نے قومی سیزن کے نشریاتی حقوق کے لئے بڈز نہیں کی اور پرانے تنازع کے حل کے لئے قومی سیزن کے حقوق غیر ملکی ٹی وی کو دے دیئے۔اس سلسلے میں مارکیٹ ویلیو جاننے سے بھی گریز کیا گیا۔ نمائندہ جنگ کے استفسار پر پی سی بی کے ترجمان نے تحریری جواب بھیجا اور کچھ معاملات پر فون پر وضاحت کی ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے میڈیا پارٹنر نے ہمیں 25دن کی کرکٹ دکھانے کے لئے فری ایئر ٹائم دیا ہے تاکہ ہم ڈومیسٹک کرکٹ کو براہ راست شائقین کو دکھا کر اسے فروغ دے سکیں۔غیر ملکی چینل کو بڈز کے بغیر نشریاتی حقوق دینے کے بارے میں پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ یہ حقوق دے کر پی سی بی اور غیر ملکی ٹی وی کے درمیان ایک پرانےتنازع کا تصفیہ کیاگیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی سپریم باڈی ،بورڈ آف گورنرز ہے۔بورڈ آف گورنرز اور غیر جانب دار انہ قانونی مشاورت کے بعدغیر ملکی ٹی وی کونشریاتی حقوق دیئے گئے اور تنازع حل کر لیا گیا ہے۔پی سی بی نے تنازع کی تفصیل بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ غیر ملکی ٹی وی کا پی سی بی کے ساتھ انٹر نیشنل کرکٹ میچ دکھانے کا 2020ء تک معاہدہ ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن کی پروڈکشن وہی کمپنی کرے گی جس نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور آسٹریلیا کی سیریز کی پروڈکشن کی تھی۔ترجمان نے کہا کہ غیر ملکی ٹی وی انڈین کمپنی کی ملکیت نہیں ہےیہ کمپنی جاپان میں رجسٹرڈ ہے۔واضع رہے کہ پی ایس ایل میں پی سی بی نے مکیش انبانی کی کمپنی آئی ایم جی آر سے معاہدہ کیا تھا۔پلواما واقعے کے بعد کمپنی نے پی ایس ایل کی پروڈکشن کرنے سے انکار کردیا تھاہنگامی طور پر پی سی بی نے ایک اور پروڈکشن کمپنی کی خدمات حاصل کی تھیں۔
غیرملکی چینل کو بغیرنیلامی نشریاتی حقوق مل گئے۔۔
Facebook Comments