ماڈل، میک اپ آرٹسٹ و اداکارہ نادیہ حسین نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے مبینہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے افسر کی شوہر کی رہائی کے بدلے پیسے بٹورنے کے مطالبے کی ویڈیو ایف آئی اے افسران کو بدنام کرنے کی نیت سے شیئر نہیں کی تھی۔ڈان امیجز کے مطباق نادیہ حسین اپنے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے تفتیش کیے جانے کے کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی کورٹ میں پیش ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔میڈیا سے بات کرنے کے دوران نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کردہ ویڈیو کو شیئر کرنے کا مقصد ایف آئی اے افسران کو بدنام کرنا نہیں بلکہ اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کو سامنے لانا تھا۔انہوں نے کہا کہ اپنی ویڈیو میں ایف آئی اے کراچی کے ڈائریکٹر کا نام تک نہیں لیا تھا، ٹی وی چینلز اور دوسرے نشریاتی اداروں نے میری بات پر غلط رپورٹنگ کی۔نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایف آئی اے میں ان چینلز کے خلاف بھی شکایت درج کروادی ہے، جنہوں نے ان سے متعلق غلط خبر شائع کی، انہوں نے کبھی کسی ایف آئی اے ڈائریکٹر یا دوسرے افسر کا نام نہیں لیا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کو سامنے لانے کے لیے ویڈیو شیئر کی تھی، کیوں کہ دھوکا کرنے والے افراد منظم ہوچکے ہیں۔نادیہ حسین نے دعویٰ کیا کہ ان کی جانب سے انہیں موصول ہونے والی جعلی کالز کی ویڈیو شیئرنے کا مقصد ایف آئی اے افسران کو بدنام کرنا نہیں بلکہ اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کو سامنے لانا تھا۔خیال رہے کہ ایف آئی اے نے نادیہ حسین کے خلاف دی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ ویڈیو کے ذریعے ایف آئی اے افسران کو بدنام کیا۔اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ اداکارہ نادیہ حسین کو جعلساز نے رشوت کے لیے واٹس ایپ پر کال کی، جعلساز نے ایف آئی اے کے سینئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی۔ترجمان کے مطابق نادیہ حسین نے ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، جس پرانہیں شکایت درج کروانے کا کہا تاہم انہوں نے ایف آئی اے میں شکایت درج نہیں کرائی۔ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے، سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات لگانا قانون جرم ہے۔اس سے قبل نادیہ حسین نے فراڈ کیس میں گرفتار اپنے شوہر عاطف محمد خان کی رہائی کے بعد تین کروڑ روپے کی خطیر رقم کا مطالبہ کرنے والے مبینہ ایف آئی اے افسر کی آڈیو کال لیک کردی تھی۔ماڈل و اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ آڈیو کالز کی ویڈیوز میں نعمان نامی شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان کی اور نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کی آپس میں ڈیل ہو چکی ہے، اب اداکارہ انہیں پیسے فراہم کریں تو ان کے شوہر کو چھڑوانے کے انتظامات کیے جائیں۔