لاہور پریس کلب فوٹوجرنلسٹ روم میں ایسوسی ایشن فوٹو جرنلسٹس آف لاہور (اے پی ایل) کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر وسیم نیاز کی صدارت منعقد ہواجس میں سینئر فوٹو جرنلسٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز نائب صدر صداقت مغل نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا جبکہ سیکرٹری جنرل عمران شیخ نے کارروائی کا آغاز کیا۔ تمام سینئر ممبرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا اور تجاویز دیں اجلاس میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ غیر متعلقہ فوٹو گرافرز جنہوں نے فوٹو جرنلسٹس کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے اور انکا (اے پی ایل) سے کوئی تعلق نہیںہے اور ان کی غیر اخلاقی اور غیر پیشہ ورانہ حرکات سے فوٹو جرنلسٹس کمیونٹی کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ ان عناصر کو چند افراد کی پشت پناہی حاصل ہے۔ان کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ یہ مسئلہ لاہورپریس کلب کے فورم پر بھی اٹھایا جائے گا۔بین الاقوامی سکھ یاتریوں سے چند فوٹو جرنلسٹس کے روپ میں فراڈیوں کی جانب سے پیسوں کا تقاضا کرنے کو فوٹو جرنلسٹ کمیونٹی اور ملک کی بدنامی قرار دیا گیا۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ایسے افراد سے ہمارا نہ تو پہلے ہی کوئی واسطہ ہے اور نہ وہ ہمارے ممبر ہیں لیکن فوٹو جرنلسٹس کی ساکھ کو بچانے کے لئے ہر پلیٹ فارم پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور پریس کلب میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ یہ بات بھی قابل تشویش ہے کہ ان عناصر کا نہ تو کوئی قابل ذکر ادارہ ہے اور جب ان سے ادارہ کا نام پوچھا جائے تو یہ پریس کلب کا ممبر ہونا بتاتے ہیں اور کلب کارڈ دکھاتے ہیں۔ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداران اور ممبران نے متفقہ فیصلہ کیا کہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نام نہاد فوٹوگرافرز کے خلاف (اے پی ایل) مذمتی پریس ریلیز جاری کرے گی اور تمام صحافی تنظیموں اورمتعلقہ اداروں اور ایسوسی ایشن کو ارسال کرے گی۔آخر میں صدر ایسوسی ایشن وسیم نیاز نے زیر غور تجاویز پر تمام شرکاء جنرل ہاؤس سے منظوری لی اور شرکاء نے تمام تجاویز کو متفقہ طورپرمنظورکیا۔ اجلاس میں وسیم نیاز (صدر)، صداقت مغل (نائب صدر)، عمران شیخ (سیکرٹری جنرل)، پرویز الطاف (فنانس سیکرٹری)، مرتضی علی (سیکرٹری اطلاعات)، سینئر فوٹو جرنلسٹ تقویم شاہ، محسن رضا، عارف علی، ناصر رضا، زبیر محفوظ، طارق سعید، شیراز احمد، محی الدین، طاہر چودھری، امجد حسین، عمر فاروق، شاہد شریف اور شہباز ملک شریک تھے۔۔