تحریر : محمد ناصر
پاکستان کا سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیوٹی وی“ سال 2018ء میں ڈراموں کے اعتبار سے ہر طرف چھایا رہا ۔ کامیڈی، طنز و مزاح، رومانس، سنجیدگی، ہنسی، مذاق، قہقہے، جوش، جذبات، خوف ، احساسات، انتقام اور دِل چھو لینے والے مختلف موضوعات کے دلچسپ ڈرامے عوامی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ عوام کا پسندیدہ چینل ناصرف ریٹنگ چارٹ پر نمایاں پوزیشن پر رہا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی جیو کے ڈراموں نے لاکھوں ہٹس حاصل کئے۔ جیو کے سوپ اور ٹیلی فلمیں بھی ناظرین میں بے انتہا پسند کی گئیں۔ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے پیش کردہ سیریل ”خانی“ کو سال 2018ءمیں سب سے زیادہ پسند کیا گیا ”خانی“ نے تو 2018ءمیں ایسی دھوم مچائی جسے لوگ مدتوں یاد رکھیں گے جبکہ 2018ءمیں شروع ہونے والے سیریل ”رومیوویڈز ہیر“ کی ہر قسط اب تک ریٹنگ چارٹ پر نمایاں پوزیشن پر برقرار ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ یہ ڈرامہ 2019ءمیں بھی کامیابی کے نئے ریکارڈ اپنے نام کرے گا۔ خانی اور رومیو ویڈز ہیر کے مرکزی کردار فیروز خان اور ثنا جاوید کو سال کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ سیونتھ اسکائی کے دیگر ڈرامے بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ مدیحہ شاہد کی تحریر اور عبداللہ بادینی کی ہدایتکاری میں بننے والا ڈرامہ ”ایک تھی رانیہ“ کو بھی بہت زیادہ پذیرائی ملی۔ دو بہنوں کی زندگی پر لکھی گئی سمرا بخاری کی کہانی اور محسن طلعت کی ہدایات میں بنائے گئے سیریل ”گھر تتلی کا پَر“ کو بھی ہر گھر میں پسند کیا گیا۔ فیصل قریشی ، سویرا ندیم ، صبا حمید اور مدیحہ امام کے مرکزی کرداروں سے سجا سیریل ”باباجانی“بھی بہترین فیملی ڈرامہ قرار دیا گیا ۔ فائزہ افتخار کا تحریر کردہ یہ ڈرامہ علی فیضان نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ بیٹے اور باپ کی انتقامی کہانی کو سامنے رکھ کر تشکیل دیا گیا سیریل ”خلش“ بھی سب کو بھا گیا۔ طویل عرصے بعد فیصل قریشی، آصف رضا میر اور سنیتا مارشل کے کرداروں کو ایک ساتھ دیکھ کر سب دنگ رہ گئے۔ اس ڈرامے کو عمران علی سافر نے لکھا اور سید علی رضا اُسامہ نے ڈائریکٹ کیا تھا ۔ خوف سے بھر پور ڈراموں کو پسند کرنے والوں کیلئے بھی ”جیو ٹی وی“ نے 2018ءمیں ایک ڈرامہ
تحفتا پیش کیا، محمد خرم کی ہدایتکاری میں بننے والے ہارر ڈرامے سایہ کو بہت پسند کیاگیا جس کی کہانی وجہیہ سحر نےلکھی۔۔ ثمینہ اعجاز کا تحریر کردہ رومانٹک سیریل ”میرا خدا جانے“ نے بھی شاندار کامیابی حاصل کی اور اِسے ذیشان احمد نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ فرقان خان کی ہدایتکاری اور امبر اظہر کے لکھے گئے ڈرامے ”روبرو عشق تھا“ نے بھی ناظرین کے دِل میں گھر کرلیا۔ وصی شاہ کا تحریر کردہ ڈرامہ ”تم سے ہی تعلق ہے“ لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا گیا۔ اِسے ثقلین خان نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ فیملی رومانٹک سیریل ”اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے“ بھی عوامی پسند میں صف اول رہا اور 2019ءمیں بھی اس کا سفر جاری رہے گا۔ سید ضرار احمد کا تحریر کردہ یہ سیریل سید علی رضا اُسامہ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس کے علاوہ جیو ٹی وی کے ”سوپ“ میرا گھر اور گھرداری ،اُم ہانیہ ، تہمت ، بیٹی جیسی، بے رحم، اے دِل تو بتا اور سیرت بھی سب سے زیادہ دیکھے گئے۔ ٹیلی فلم ”ڈینو کی دُلہنیا، ہم چلے آئے اور روک سکو تو روک لو“ نے بھی عوام کے دِل جیت لئے۔ اس طرح 2018ءمیں مکمل طور پر جیو کا پلڑہ بھاری رہا ۔ جیو کے ڈراموں کے بہترین موضوعات کے ساتھ ٹی وی فنکاروں نے بھی اپنے سیریلز میں شاندار رنگ جمائے اور اُن کی اداکاری نے بھی سب کو متاثر کیا۔ 2018ءمیں شروع ہونے والے ڈرامے 2019ءمیں بھی پسند یگی کا معیار برقرار رکھیں گے۔ 2019ءمیں بھی کئی نئے شاندار ڈرامے ”جیو ٹی وی“ پر شروع ہونے والے ہیں جن کی تفصیلات جلد پیش کی جائیں گی۔(محمد ناصر)