کراچی یونین آف جرنلسٹس نے چیف جسٹس آف پاکستان کے حکم کے باوجود جیو نیوز سمیت مختلف میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے نہ ختم ہونے والے سلسلے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے توہین عدالت قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے میڈیا ہاوسز کے مالکان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں جو عدالتی حکم کے باوجود تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کررہے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی، جنرل سیکریٹری ناصر محمود سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز سمیت مختلف میڈیا ہاوسز میں کئی ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیرکا سامنا ہے اور مالکان ناصرف ملازمین کو بلکہ سپریم کورٹ میں بھی متعدد بار تنخواہیں وقت پر ادا کرنے کی یقین دہانیاں کراچکے ہیں لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔ عدالتوں میں تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق جمع کرائے گئے حلف نامے جھوٹ پر مبنی ہیں جیو نیوز میں تاحال مئی کی تنخواہ بھی پوری طرح ادا نہیں کی گئی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ میڈیا ہاوسز میں ملازمین کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرکے تنخواہوں کی ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرایا گیا اور اسی کی بنیاد پر کم تنخواہ والے ملازمین کو تنخواہ ادا کرکے عدالتوں میں جھوٹے حلف نامے جمع کرائے جارہے ہیں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اسے صحافیوں کے معاشی قتل عام کے مترادف قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کی صحافی برادری اس وقت تاریخ کے سب سے مشکل دور سے گزر رہی ہے ایک طرف بعض قوتوں کی جانب سے صحافیوں کو بے پناہ دباو کا سامنا ہے اور دوسری طرف ان کے اپنے ادارے انہیں وقت پر تنخواہ ادا نہیں کررہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی یا تآخیر سے ادائیگی کا نوٹس لیے جانے کے بعد میڈیا ورکرز کی کچھ آس بندھی تھی کہ ان کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گا لیکن میڈیا مالکان کی جانب سے جھوٹے حلف ناموں کی وجہ سے اب آس کی یہ ڈور بھی ٹوٹ گئی ہے ایسے میں اب کراچی یونین آف جرنلسٹس کے پاس صرف یہی حل باقی بچا ہے کہ وہ اس معاملے کی سنگینی پر فوری طور پر احتجاج کی کال دے کراچی یونین آف جرنلسٹس نے مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں احتجاج کا طریقہ کار اور دائرہ کار طے کیا جائے گا۔
جیونیوز والے مئی کی تنخواہ سے بھی محروم
Facebook Comments