noon league hukoomat mein geo faide mein raha

جیونیوزکی پرانے نمبروں پر بحالی کا حکم۔۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیو نیوز کو پرانے نمبروں پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔عدالتِ عالیہ میں جیو نیوز کی کیبل پر بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کی۔راجا احسن محمود اور میاں فیصل ایڈووکیٹ نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ بنیادی حقوق اور آزادی اظہارِ رائے کا معاملہ ہے، میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فری پریس کے بغیر کسی مسئلے پر فیئر رائے کیسے قائم کی جا سکتی ہے؟ اگر حکومت میڈیا کے کسی طرزِ عمل سے متاثر ہے تو شکایت کے لیے پیمرا کا فورم موجود ہے۔جہانگیر جدون نے کہا تھا کہ عوام کی مرضی ہے کہ وہ اپنی پسند کا چینل دیکھیں، ہائی کورٹ کی حدود میں بھی کیبل پر جیو آخری نمبروں پر آ رہا ہے۔عدالت نے سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات اور پیمرا سے جیو نیوز کی بندش اور آخری نمبروں پر دھکیلنے سے متعلق جواب طلب کیا تھا۔بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے حکم نامہ جاری کیا جس میں پیمرا کو جیو نیوز کی نشریات میں مداخلت کی شکایت کو دور کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔عدالت نے کہا کہ پیمرا آئندہ سماعت سے قبل نشریات میں مداخلت کی شکایت دور کرنے کو یقینی بنائے گا۔عدالت نے چیئرمین پیمرا کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کے لیے ایک مجاز افسر کو نامزد کرنے کا بھی حکم دے دیا۔حکم نامے میں کہا گیا کہ مجاز افسر عدالت کو مطمئن کرے گا کہ پیمرا اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو ایک ہفتے قبل قومی احتساب بیورو نے جھوٹے کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔ان کے گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں جیو نیوز کی نشریات کو بند کردیا گیا تھا جبکہ کچھ علاقوں میں اسے پچھلے نمبروں پر دھکیل دیا گیا تھا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں