جیو نیوز کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کا اعلی سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا۔ جیو نیوز کے ملازمین پر اپنی تنخواہوں کے اضافے کے حق میں کئے جانے والے احتجاج کی پاداش میں جیو نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے این آئی آر سی میں دائر کئے گئے کیس میں سیکرٹری جنرل پی ایف یوجےدستور، اے ایچ خانزادہ ،جنرل سیکریٹری کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نعمت خان اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب خان این آئی آر سی میں پیش ہوں گے۔دریں اثنا این آئی آر سی میں جیو انتظامیہ کے گیارہ ملازمین کے خلاف شکایت کے معاملے پر کے یو جے دستور نے مقدمہ میں فریق بننے کا فیصلہ کر لیا، پی یو ایف جے دستور اور کے یو جے دستور اور سیکریٹری کراچی پریس کلب جیو نیوز کے ملازمین کی پیشی کے موقع پر این آئی آر سی میں موجود ہوں گے ۔صحافیوں کے حقوق کے تحفظ میں احتجاجی تحریک میں تیزی لائیں گے، دنیا کا کوئی قانون محنت کشوں کو اپنے حق کیلئے پرامن احتجاج سے نہیں روک سکتا ، کے یو جے دستور آزادی اظہار رائے کی علمبردار ہے اپنے صحافیوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، پی ایف یو جے دستور بھی جیو انتظامیہ کی انتقامی کارروائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گی۔ بدھ کو کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کا ہنگامی اجلاس کراچی پریس کلب میں صدر خلیل ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اس خصوصی ہنگامی اجلاس میں پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ ، اسسٹنٹ سیکریٹری پی ایف یو جے عامر لطیف ، کے یو جے کے جنرل سیکریٹری نعمت خان، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد ، سینئر نائب صدر محمد منصف ، جوائنٹ سیکرٹری وکیل الرحمٰن، محمد عثمان خان ، قیصر خان اور رکن ایف ایس سی شمس کریو نے شرکت کی جبکہ پی ایف یو جے کے صدر حاجی محمد نواز رضا نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں جیو کے گیارہ صحافیوں اور ملازمین کے خلاف نام نہاد عدالتی کارروائی کے اقدام کو جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمٰن کی طرف سے صحافیوں کو ہراساں کرنے کے مترادف قرار دیا اور اس غیر اخلاقی اور غیر قانونی عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں عدالتی نوٹس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور این آئی آر سی اسلام آباد میں جیو انتظامیہ کے خلاف براہ راست فریق بنے گی اور اپنے صحافی بھائیوں کا بھر پور دفاع کریں گی جبکہ جیو کے ملازمین اور صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیکریٹری پی یو ایف جے دستور علاؤالدین خانزادہ ، سیکریٹری کے یو جے دستور نعمت خان اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب خان 28 اپریل کو این آئی آر سی اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق کی جاری تحریک میں تیزی لائی جائے گی۔ صدر پی ایف یو جے دستور حاجی محمد نواز رضا نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ 28 اپریل کو وہ خود ساتھیوں سمیت عدالت میں پیش ہونگے اور صحافیوں کا بھرپور دفاع کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے اے دستور ایچ خانزادہ، جنرل سیکریٹری کے یو جے دستور نعمت خان اور سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد این آئی آر سی اسلام آباد میں جمعہ کے روز جیو کے ملازمین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہوں گے صدر کے یو جے خلیل ناصر نے کہا کہ کے یو جے دستور میڈیا اداروں میں تمام صحافیوں کے حقوق لے کر رہے گی۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ دنیا کا کوئی قانون محنت کشوں کو پرامن جدوجہد اور احتجاج سے نہیں روک سکتا کیونکہ پرامن احتجاج بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے۔

جیوملازمین کیس میں کے یوجے دستور کافریق بننے کا فیصلہ۔۔
Facebook Comments