پاکستان میں ایوارڈز کے سب سے بڑے میلے ”لکس اسٹائل ایوارڈ“ کی 20 ویں رنگا رنگ تقریب کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اس ایوارڈ شو میں ہمیشہ کی طرح اس برس بھی فلم، ڈرامہ، میوزک اور فیشن انڈسٹری میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اداکاروں، رائٹرز، ڈائریکٹرز، آرٹسٹوں اور شوبز و فیشن انڈسٹری کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ ”لکس اسٹائل ایوارڈ“ کی ویورز چوائس کیلئے ووٹنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور ناظرین اپنے پسندیدہ آرٹسٹوں کو اِن کی ویب سائٹ پر جاکر با آسانی ووٹ دے کر فتح دلواسکتے ہیں۔ ”جیو ٹی وی“ اس بار بھی لکس اسٹائل ایوارڈز کا میڈیا پارٹنرہے۔ یاد رہے کہ لکس اسٹائل ایوارڈز کا باقاعدہ آغاز 2002ء میں ہوا تھا جس کا مقصد پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے ساتھ جشن منانا تھا۔یہ ایوارڈ شو تقریباً دو دہائیوں سے مسلسل جاری ہے ۔
