”جیو ٹی وی“سے نشر ہونے والی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“کی ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ کی کامیابیوں کے ریکارڈ میں ایک اور اضافہ ہوگیا ہے۔ جیو ٹی وی کی مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ نے یوٹیوب پر دوارب یعنی (200 کروڑ)سے زائد ویوز حاصل کرکے ایک اور نیا، لازوال اور ناقابل تسخیر ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے اور یہی وجہ ہے کہ ”خدا اور محبت“ میں ہاشم ندیم کی لکھی گئی فرہاد اور ماہی کے عشق کی داستان اب دُنیا میں اِس تیزی سے پھیل گئی ہے کہ اِس کہانی نے دُنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کسی بھی پاکستانی انٹرٹینمنٹ کیلئے یہ پہلا موقع ہے جس نے اپنے چاہنے والوں کی محبتیں اب تک کی نشر ہونے والی اقساط، او ایس ٹی اور پروموشنز کے ساتھ مجموعی طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم یوٹیوب پر 200 کروڑ یعنی دو بلین سے زائد ویوز کے ساتھ ایک لازوال اور ناقابل تسخیر ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ پاکستانی انٹرٹیمنٹ کی فاتح ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“ اب اپنے فنالے کی جانب رواں دواں ہے۔ ڈرامے کی آخری قسط میں بے تاب ناظرین کے دِلوں کی دھڑکنیں ماہی اور فرہاد کے ملن کی منتظرہیں۔
