اداکارہ صبور علی اور علی عباس کا ڈرامہ ’فطرت‘ بھی پیمرا کے ریڈار پر آگیا۔ان دنوں جیوانٹرٹیمنٹ پر ڈرامہ سیریل ’فطرت‘ نشر کیا جا رہا ہے جس میں اداکارہ صبور علی اور علی عباس مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ تاہم پیمرا کی جانب سے ڈرامے میں نامناسب ڈائیلاگ استعمال کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ٹوئٹر پر نوٹس جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پیمرا نے نجی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ فطرت میں نازیبا ڈائیلاگ اور مواد نشر کرنے پر ہدایات جاری کردی ہیں۔ جاری کردہ ہدایات میں چینل انتظامیہ کو ڈرامے کی مناسب تدوین اور نشر کئے جانے والے مواد کو پیمرا کے ضابطۂ اخلاق سےہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پیمرا سماجی اور مذہبی اقدار کے منافی مواد نشر کرنے پر ڈراما سیریل ’’پیار کے صدقے‘‘اور ’’عشقیہ‘‘ کے بعد ڈرامہ ’’ جلن ‘‘ پر بھی پابندی عائد کرچکا ہے۔
