کراچی کے صحافیوں نے غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر آزادانہ تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کے خلاف کراچی پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک صحافیوں نے مارچ کیا جس میں صحافیوں ،وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مارچ کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطنی مظلوموں کے ساتھ اظہار یک جہتی اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے جب کہ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے پرجوش نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔گورنر ہاؤس کے سامنے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد ، مظہر عباس، طاہر عزیز ، ثاقب صغیر، محمد منصف ، بابر علی اعوان ، محمد ندیم اور مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے مارچ کے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔