وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی تحریک انصاف کے جلسے میں صحافیوں سے متعلق گفتگو پر پریس کونسل آف پاکستان کا مؤقف بھی آگیا اور چیئرمین نے از خود نوٹس لے لیا۔پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ارشد خان جدون کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور نے صحافی کمیونٹی اور بالخصوص خواتین صحافیوں سے متعلق غیرذمہ دارانہ، جارحانہ اور نامناسب الفاظ استعمال کیے، ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ آپ کمیونیکیشن کے دوران ایک ڈیکورم اور تقدس کا خیال کریں گے ، گالم گلوچ کا استعمال نہ صرف آپ کے دفتر کے وقار کو مجروح کرتا ہے بلکہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کے لیے بھی ایک خراب مثال قائم کرتا ہے۔اعلامیہ میں مزید کہاگیاکہ پریس کونسل آف پاکستان کو ملک میں اخلاقی صحافت کو فروغ دینے اور صحافت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے ، ہم یقین کرتے ہیں کہ معروف شخصیات خاص طور پر وہ لوگ جو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، انہیں بھی زبان اور اپنے طرز عمل کا خیال رکھنا چاہیے ، پریس کونسل آف پاکستان آرڈیننس کے سیکشن 8ٹو میں کہا گیا ہے کہ کونسل کو پریس کی آزادی کیلئے ایک شیلڈ کی طرح کام کرنا ہے ، یہ ایک اخبار، ایک صحافی ، کسی ادارے یاکسی اخبار سے منسلک فرد کی وفاقی و صوبائی حکومتوں یا سیاسی جماعتوں سمیت کسی بھی تنظیم کیخلاف شکایت لے سکتی ہے جو پریس کے آزادانہ کام میں مداخلت کریں، اسی سیکشن کے تحت اس معاملے پر بات کرضروری سمجھتے ہیں۔اعلامیہ میں مزید کہاگیاکہ’ ہم علی امین گنڈا پور کو ہدایت کرتے ہیں کہ صحافی کمیونٹی اور بالخصوص خواتین کیخلاف بے ہودہ اور غیرذمہ دارانہ زبان کا استعمال بند کریں، مزید یہ کہ اس نوٹس کے بعد15دن کے اندر علی امین گنڈا پور کے لیے رسمی معافی مانگنا ضروری ہے‘ ۔
گنڈاپور کا بیان، پریس کونسل پاکستان کا ازخود نوٹس۔۔
Facebook Comments