crime free city 2

فریج میں کھانا حرام قرار دیاجائے۔۔

تحریر: جاوید چودھری۔۔

مجھے چند دن قبل میرے ایک دوست نے ترکی زبان کی ایک ویڈیو بھیجی‘ اس ویڈیو میں عوام سے اپیل کی جا رہی تھی کورونا وائرس کی وجہ سے کاروبار بند ہو گئے ہیں‘ لوگ بے روزگار ہیں لہٰذا ملک بھر کے خوش حال لوگ میزبانی کا عمل بڑھا دیں۔ویڈیو میں روٹی کی ٹوکری اور تنور بھی دکھایا گیا تھا‘ مجھے یہ دیکھ کر بے اختیار مانیسا یاد آ گیا اور میں نے سوچا کیا ہم ملک میں میزبانی کا یہ سلسلہ شروع نہیں کر سکتے‘ ہم ہزاروں سال سے اس علاقے میں دال روٹی کھا رہے ہیں‘ کیا یہ ممکن نہیں ہم بھی تنوروں پر میزبانی کی ٹوکریاں لٹکا دیں اور صاحب ثروت ان میں روٹیاں رکھوا دیا کریں اور تنور کے مالک ضرورت مندوں کو عزت کے ساتھ یہ روٹیاں دے دیا کریں اور کیا یہ بھی ممکن نہیں ہم میں سے جو شخص افورڈ کر سکتا ہو وہ روزانہ دال پکائے‘ ضرورت مندوں کی فہرست بنائے اور عزت کے ساتھ ڈسپوزیبل ڈبے ان کے گھر پہنچا دے‘ ہم روز سو دو سو روٹیاں پکواکر اپنے گھروں‘ اپنے دفتروں کے سامنے ٹوکریوں میں بھی رکھ سکتے ہیں اور لوگ اپنی ضرورت کے مطابق آ کر روٹیاں لے جائیں‘ ہم چائے خانوں پر چائے کے اضافی کپوں کے پیسے بھی دے سکتے ہیں‘ چائے خانے کے مالکان اضافی کپوں کی پرچیاں بنا دیں‘ ضرورت مند آئیں‘ وہ پرچی کاؤنٹر پر دیں اور مفت چائے لے لیں‘کیا یہ ممکن نہیں؟۔

مجھے ایک بار ایران کے ایک گم نام قصبے میں جانے کا اتفاق ہوا‘ یہ اصفہان اور شیراز کے درمیان تھا‘ میں اس کا نام بھول گیا ہوں‘ مجھے وہاں رات گزارنا پڑ گئی‘ میں یہ جان کر حیران رہ گیا پورے قصبے میں فریج نہیں تھا‘ میزبان نے بتایا ہم خوراک کو فریج میں رکھنا گناہ سمجھتے ہیں‘ میں حیران رہ گیا‘ وہ بولا‘ شاہ ایران کے دور میں حکومت عوام کو فریج خریدنے کی ترغیب دیتی تھی‘ قسطوں پرٹی وی اور فریج مل جاتے تھے‘ پورے شہر نے فریج خرید لیے‘ ہمیں چند دن بعد احساس ہوا ہمارے دل تنگ ہو گئے ہیں‘ ہم نے فالتو کھانا فریجوں میں رکھنا شروع کر دیا ہے‘ لوگ اس سے پہلے اضافی کھانا ضرورت مندوں یا ہمسایوں میں بانٹ دیا کرتے تھے۔

ہم میں سے ہر شخص اپنی ڈش ہمسائے کے گھر بھجواتا تھا اور ہمسائے اپنا کھانا ہمیں دے دیتے تھے‘ فریج نے میزبانی اور محبت کا یہ سلسلہ روک دیا‘ ہمارے امام صاحب نے ایک دن پورے شہر کو اکٹھا کیا اور فریج کو حرام قرار دے دیا‘ حکومت نے بہت زور لگایا لیکن ہم لوگوں نے اپنے فریج بیچ دیے یا پھر اپنے دور دراز کے رشتے داروں کو دے دیے‘ وہ دن ہے اور آج کا دن ہے ہمارے قصبے میں فریج واپس نہیں آیا‘ میں نے پوچھا اس سے کیا فائدہ ہوا؟ وہ ہنس کر بولا ’’بہت فائدہ ہوا‘ ہمارے پورے شہر میں کوئی شخص بھوکا نہیں سوتا‘ لوگ پیٹ بھر کرکھانا کھاتے ہیں اور باقی کھانا کسی نہ کسی مسکین‘ حاجت مند یا بھوکے کو دے دیتے ہیں‘ ہم لوگ ہمسایوں میں بھی کھانا بانٹتے ہیں یوں پورے شہر میں کوئی بھوکا نہیں رہتا‘‘ مجھے یہ روایت بھی اچھی لگی‘ آپ بھی یاد کریں ہم لوگ بھی فریج سے پہلے یہی کرتے تھے‘ مجھے اپنا بچپن یاد ہے۔

میں گھر کا سب سے بڑا بچہ تھا‘ میری والدہ روز مٹی کے برتنوں میں سالن اور روٹیاں ڈال کر دیتی تھی اور میں یہ کھانا درجن بھر لوگوں کے ٹھکانوں تک پہنچا کر آتا تھا‘ مجھے آج بھی یاد ہے لوگ ہاتھ دھو کر میرا انتظار کر رہے ہوتے تھے‘ لوگ اس زمانے میں مزدوروں اور مہمانوں کو جا کر کہتے تھے آپ نے کھانے کا بندوبست نہیں کرنا‘ آپ جب تک یہاں ہیں آپ کا کھانا ہمارے گھر سے آئے گا اور وہ کھانا ہم بچے پہنچاتے تھے لیکن پھر فریج آ گئے اور ان کے آتے ہی دل چھوٹے ہو گئے‘ لوگوں نے دو نوالے بھی فریجوں میں رکھنا شروع کر دیے‘ ڈیپ فریزر آیا تو قربانیوں کا گوشت بھی رضائیاں بن گیا‘ لوگ یہ بھی چار چار ماہ محفوظ رکھنے لگے۔

ہم اب یقینا فریج اور ڈیپ فریزر کو اپنی لائف سے نہیں نکال سکیں گے لیکن میری اس کے باوجود آپ سے درخواست ہے ملک میں جب تک کورونا کا رقص جاری ہے اور جب تک پوری دنیا کی معاشی سرگرمیاں بحال نہیں ہوجاتیں ہم کم از کم اس وقت تک کھانا فریج میں رکھنا حرام قرار دے دیں‘ ہم روز اپنے گھر کا سارا کھانا ضرورت مندوں تک پہنچاکر سوئیں‘ ہم اگر دس دس ضرورت مندوں کا بوجھ بھی اٹھا لیں‘ گھر مارک کر لیں اور ان گھروں تک روز کھانا پہنچا دیں یا پھر اگر یہ ممکن نہ ہو تو ہم ضرورت مندوں کو بتا دیں آپ روز ہمارے گھر سے کھانا لے جایا کریں تو آپ خود اندازہ کر لیجیے ہم کتنے لوگوں کی زندگی بدل دیں گے۔

ہماری وجہ سے کتنے لوگ پیٹ بھر کرسوئیں گے‘ ملک کتنا بدل جائے گا لیکن شاید یہ ممکن نہیں‘ کیوں؟ کیوں کہ ہمارے ذہنوں میں بھوک ہے اور دماغی بھوکے دل سے نہیں سوچتے۔ ہمیں یہ بات پلے باندھنا ہو گی 2020 تاریخ کا بدترین سال ثابت ہوگا‘ دنیا اس سال نہیں کھل سکے گی‘ معیشت کو بھی بحال ہوتے ہوتے وقت لگے گا‘ ہمارے پانچ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں‘ ایک کروڑ 85 لاکھ لوگ چند ماہ میں بے روزگار ہو جائیں گے اور ہم نے اگر اپنی حماقتیں اور ضد جاری رکھی تو ہمارے ملک کے کم از کم 10 لاکھ لوگ کورونا کا شکار ہوجائیں گے‘ پانچ سات لاکھ لوگ تو اس وقت بھی مریض ہیں‘ ہم بس انھیں ٹیسٹ نہیں کر رہے‘ حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں اور ہم اس وقت تک ان حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتے جب تک ہم ایک دوسرے کی مدد نہیں کرتے لہٰذا آج ہی سے عادت بنا لیں‘ آپ یہ طے کر لیں ہمارے دائیں بائیں کوئی شخص کم از کم بھوکا نہیں سوئے گا‘ آپ یقین کریں ہم نے اگر یہ بھی کر لیا تو ہم کام یاب ہو جائیں گے‘ ہم کمال کر دیں گے۔۔(بشکریہ ایکسپریس)۔۔

mir shakeel ka haar kar jeetnay wala bhai
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں