پاکستان میں فری لانسنگ تیزی سے نمو پا رہی ہے۔ یہاں کے فری لانسرز کو سب سے بڑا مسئلہ یہ درپیش تھا کہ انہیں بیرون ملک سے رقوم منگوانے میں مشکل ہوتی تھی تاہم اب ان کا یہ مسئلہ بھی ختم ہونے جا رہا ہے۔ ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کے مطابق امریکہ کی معروف فنانشل سروسز کمپنی پے اونیر اب پاکستان میں موبائل فون والٹ کی سروس بھی فراہم کرنے جا رہی ہے۔اس وقت پاکستان میں جو رقم کی بین الاقوامی ترسیل کی سروسز موجود ہیں وہ ایکسپریس اور وائر ٹرانسفر ہیں جن کے ذریعے آپ صرف بینک اکاﺅنٹ میں رقم منگوا سکتے ہیں۔ قبل ازیں پے اونیر ایم سی بی، سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور فیصل بینک کے اے ٹی ایم کارڈز کے ساتھ منسلک ہے اور اب وہ پاکستان میں موبائل والٹ کی سروس بھی دینے جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پے اونیر نے ٹیلی کام کمپنی ’جاز‘ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔لوگ اپنے اس موبائل والٹ میں 15لاکھ روپے تک رقم رکھ سکیں گے اور اسے پے اونیر سے لنک کر سکیں گے۔ بیرون ملک سے وہ پے اونیر کے ذریعے رقم منگوائیں گے جو ان کے جاز کیش موبائل اکاﺅنٹ میں منتقل ہو گی اور وہ جاز کیش کی کسی بھی آﺅٹ لیٹ سے رقم نکلوا سکیں گے۔اس وقت جاز کیش کی ملک بھر میں 85ہزار سے زائد آﺅٹ لیٹس اور ایجنٹس ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین قریبی اے ٹی ایم سے بھی پیسے نکلوا سکیں گے۔
فری لانسرز کی بڑی مشکل آسان ہوگئی۔۔
Facebook Comments