اداکارہ اقرا عزیز کہتی ہیں کہ ٹی وی پر اتنی پذیرائی ملی ہے کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی ضرورت محسوس ہی نہیں ہوتی۔غیر ملکی ویب سائیٹ ’اردو نیوز‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں اقرا عزیز نے کہا کہ ان کی سوچ کے مطابق ٹی وی ایک بہت بڑا میڈیم ہے۔ ایسے دوردراز علاقے جہاں کیبل یا سینما نہیں ہوتے، وہاں ٹی وی ہوتا ہے۔ لوگ اس کے ذریعے اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ساتھ جڑے رہتے ہیں، چھوٹی اسکرین پر اتنی پذیرائی ملی ہے کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی ضرورت محسوس ہی نہیں ہوتی۔مداحوں کی جانب سے تنقید پر اقرا عزیز کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمیں پسند کرتے ہیں وہ ہمارے کام کو سراہتے ہیں اور اگر انہیں ہمارا کام کبھی پسند نہ آئے تو وہ تنقید بھی کر سکتے ہیں، اس میں برا منانے والی کوئی بات نہیں لیکن تنقید کا بھی ایک طریقہ ہوتا ہے، میں نے ہمیشہ مثبت تنقید کو سراہا ہے۔ڈراموں کی کہانیوں میں یکسانیت سے متعلق اقرا عزیز نے کہا کہ دنیا بہت بدل چکی ہے اب لوگ بہت آگے جا چکے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی روش بدلیں، جو لوگ بھی ڈرامے بنا رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مختلف موضوعات پر ڈرامے بنا ئیں ہمارے ڈراموں کی کہانیاں ایسی ہونی چاہیئں جو اگر ہماری زندگی کے ساتھ نہیں بھی جڑی ہوئیں لیکن دیکھنے والے اس سے سبق سیکھ سکیں۔۔
