farhan malik pr aik or case banadia gya

فرحان ملک پر ایک اور کیس بنادیاگیا۔۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کراچی نے صحافی فرحان ملک کودوسرے کیس میں ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا،صحافی فرحان ملک کو 5روز کے ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ملیر کورٹ میں صحافی فرحان ملک کو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 5 دن کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں دینے کا حکم جاری کردیا۔صحافی فرحان ملک پر غیر قانونی کال سینٹر چلانے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے صحافی فرحان ملک کو گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں وکیل صفائی نے بتایا کہ ہم نے کیس سے ڈسچارج کرنے کی درخواست دائر کی تھی جبکہ تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ اینٹی سٹیٹ ویڈیوز پوسٹ ہوئی ہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ ویڈیوز دکھائی جائیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے فرحان ملک کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔قبل ازیں سندھ ہائیکورٹ نے صحافی فرحان ملک کا مقدمہ ختم کرنے کی درخواست پر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کیے تھے۔یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران ریاست مخالف پروپیگنڈے کے تحت درج مقدمے میں سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فرحان ملک کو گرفتار کیا تھا۔ دریں اثنا صحافی فرحان ملک پر ایف آئی اے کے دوسرے کیس کی تفصیل سامنے آ گئی۔اس حوالے سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق 25 مارچ کو گلشنِ اقبال میں ایک کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جس میں 2 ملزمان عاطر حسین اور حسن نجیب کو گرفتار کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزمان غیر ملکیوں سے فراڈ میں ملوث ہیں، کال سینٹر پر چھاپہ مارا تو وہاں ایجنٹس کام کر رہے تھے، سافٹ ویئر کے ذریعے غیر ملکیوں سے ان کا خفیہ ڈیٹا حاصل کیا جا رہا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزمان نے بتایا کہ یہ کام فرحان گوہر ملک کے کہنے پر ہو رہا ہے، ملزمان فراڈ اور چیٹنگ میں ملوث ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں