farhan malik ki zamanat mistrad hone ke khilaaf appeal daair

فرحان ملک کی ضمانت مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر۔۔

کراچی کی مقامی عدالت میں ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مواد اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں صحافی فرحان ملک کی ضمانت مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف وکلا نے اپیل دائر کردی۔ڈان نیوز کے مطابق فرحان ملک کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے فیصلے کے خلاف اپیل فرحان ملک کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی۔کراچی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ کی عدالت نے صحافی فرحان ملک کے وکیل کی اپیل پر ایف آئی اےکو 3 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے۔فرحان ملک کے وکیل کی جانب سے کی گئی اپیل کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضمانت مسترد کرتے ہوئے الزامات کو سامنے رکھا ہے، فاضل جوڈیشل مجسٹریٹ نے الزامات کی انکوائری نہیں کروائی۔صحافی فرحان ملک کے وکلا معیز جعفری اور بلال قریشی نے موقف اختیار کیا کہ صرف تھمبنیل کو بنیاد بناکر درخواست ضمانت مسترد کرنا انصاف نہیں۔اس سے قبل، صحافی فرحان ملک کی درخواست ضمانت جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ نے مسترد کردی تھی۔واضح رہے کہ فرحان ملک نامور صحافی، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم رفتار کے بانی اور سما ٹی وی کے سابق ڈائریکٹر نیوز ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی نے فرحان ملک کو 20 مارچ کو گرفتار کیا تھا، فرحان ملک کے خلاف گزشتہ 3 ماہ سے یہ انکوائری جاری تھی۔بعد ازاں، 26 مارچ کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے مبینہ کال سینٹر کے ذریعے غیر ملکیوں سے فراڈ کے نئے مقدمے میں صحافی فرحان ملک کو 5 روز جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا۔فرحان ملک کی اہلیہ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ ان کے خلاف کوئی تحریری چارج شیٹ نہیں تھی اور نہ ہی ان کی گرفتاری کی کوئی وجہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایف آئی آر موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی ہمیں الزامات کے بارے میں کچھ بتایا گیا۔فرحان ملک کے بیٹے نے بتایا کہ ’میرے والد دوپہر ایک بجے ایف آئی اے کے دفتر گئے تھے اور شام 6 بجے کے قریب انہیں بغیر کسی وضاحت کے گرفتار کر لیا گیا‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ میرے والد کو کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے، انہوں نے تو کوئی جرم نہیں کیا، وہ ایک صحافی ہیں جو لوگوں کی آواز بنتے ہیں، طاقتور لوگوں کا احتساب کرتے ہیں اور سچائی پر یقین رکھتے ہیں‘۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں