farhan malik ke khilaaf karrawai badniyati hai

فرحان ملک کے خلاف کارروائی بدنیتی ہے،ایمنڈ،کراچی پریس کلب۔۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے صحافی فرحان ملک کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ایف آئی اے کی کارروائی کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں ایمنڈ نے کہا کہ صحافی فرحان ملک کے خلاف درج ایف آئی آر کے مندرجات مبہم، غیر واضح اور بوگس ہیں جن کا مقصد ہراساں کرنے اور اختلاف رائے کو دبانے کے سوا کچھ نہیں۔ایمنڈ نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ پیکا ترمیمی بل صحافیوں کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ فرحان ملک کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر اس کا واضح ثبوت ہے۔ایمنڈ نے فرحان ملک کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت، وزیر داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے اس قسم کے مقدمات کے اندراج کی تحقیقات کرائیں جو ملک اور اداروں کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔دریں اثنا  کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے سینئر صحافی فرحان ملک کی گرفتاری کو آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔جمعہ کو کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ فرحان ملک کی گرفتاری آزادی اظہار رائے پر کھلا حملہ ہے ۔حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جانا جمہوریت کی نفی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ پیکا ایکٹ ایک ظالمانہ قانون ہے جس کی زد میں صحافی حضرات آئیں گے ۔فرحان ملک کو پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے ہمارے خدشات کو درست ثابت کردیا گیا ہے ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے وفاقی حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور فرحان ملک کی رہائی میں اپنا کردار ادا کریں

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں