farhan malik ki darkhuast zamanat samaat keliye muqarrar

فرحان ملک : غداری سے فراڈی تک

تحریر:طحہ عبیدی

اگر فرحان ملک آپ کو کہیں میں آپ کو صحافت کی دنیا کا اسٹار بنا دوں گا تو مان لیجئے گا ، اگر آپ میں تھوڑی بہت اہلیت ہوئی تو آپ اسٹار رپورٹر ہوں گے ، یہ عجیب مزاج کا انسان ہے ، کسی کو اپنی سوچ پر حاوی نہیں ہونے دیتا ، سوچ لیتا ہے تو کرنے کی کوشش کرتا ہے اور کرلیتا ہے تو کسی نئے اینگل پر سوچتا ہے اور کر گزرتا ہے ، آپ کوئی بھی اسٹوری لے کر فرحان ملک کے پاس پہنچ جائیں یہ آپ کی بات سنے گا ، سمجھ آگئی تو ٹیبل کو ہاتھ مارے گا یا تالیاں بجائے گا اور کہے گا آئو اس کو بریک کرتے ہیں اور اسکرین پر آپ ہی آپ ہوں گے پھر ڈنکا بجے گا ، آگیا چھا گیا ، بازی لے گیا ، تہلکہ مچا دیا ، صرف فلاں فلاں اور دور دور تک کوئی نہیں ۔ یہ فرحان ملک کا ورکنگ اسٹائل تھا اس سے اختلاف ہوسکتا ہے مگر جنونی انسان کو کام کی ایسی لگن ہے کہ کر گزرتا ہے اور پھر دوسرے چینل یا ڈیجیٹل والے اس کے خیالات کو چرانا شروع کردیتے ہیں۔

سال 2013 میں سی این بی سی پاکستان میں فرحان ملک کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ہوا ، یہ کہانیاں سن کر عمل کراتا ، اسٹوری دماغ پر لگ جائے تو خوب محنت کراتا اس کو نکھارتا اور اسکرین پر پیش کردیتا ، اس کا ورکنگ اسٹائل مختلف ہے اور اس کی طبیعت میں بے چینی ہے اسی لیے یہ کچھ الگ سا صحافی ہے ، ٹی وی پر تھا تو چھپا ہوا تھا ، ڈیجیٹل پر آیا تو سامنے آگیا ، فرحان ملک کو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے دو مقدمات میں گرفتار کیا ہے ، جس وقت فرحان ملک کی گرفتاری کی اطلاع ملی تو کچھ افسران سے کیس پوچھا تو معلوم ہوا فرحان ملک اینٹی اسٹیٹ ہے اور پھر دوسرے مقدمے کا معلوم ہوا تھا فراڈی ہوگیا ، پتہ لگا کال سینٹر کی آڑ میں غیر ملکیوں سے فراڈ کرتا ہے ، فرحان ملک کے خلاف دونوں مقدمات پر قہقہہ لگ سکتا ہے مگر یقین نہیں ہوسکتا کیوں کہ اس کے ساتھ کام کرکے اس کا درد محسوس کرسکتا ہوں ، یہ کیا سوچتا ہے اور یہ کیا کرنا چاہتا ہے اس کا بھی آئیڈیا ہے مگر یہ ملک مخالف اور فراڈی نہیں ہے ، اس کے سیاسی جھکائو سے اختلاف ہوسکتا ہے اس کو غداری یا فراڈی کا ٹھپہ لگانا ٹھیک نہیں ۔

کچھ “بونے صحافی” فرحان ملک کو جرنلسٹ نہیں مانتے یا ان کے صحافتی اسٹائل سے اختلاف کرتے ہیں ، فرحان ملک کی گرفتاری پر خوش بھی نظر آتے ہیں یہ وہ لوگ ہیں جن کو طنز اور تنقید میں ہمیشہ مزہ آتا ہے ، یہ وہ لوگ ہیں جن کی خواہش تھی فرحان ملک کے ساتھ کام کریں ، کام کرنے لگے تو نلکے سے پانی نکلنا بند ہوگیا تو خشک نلکا کسی کو اچھا نہیں لگتا ، نوکری سے فارغ کردئیے گئے اور وہ آج فرحان ملک سے ناراض ہیں ، وہ اب ملک کو صحافی بھی نہیں مانتے مگر اس جنونی پاگل کو صحافتی دنیا میں کسی اسٹیمپ کی ضرورت نہیں ، فرحان ملک سے کئی اسٹوریز پر اختلاف رہا ہے مگر طویل بحث و مباحثے ، دلیل اور شواہد کے بعد اسٹوری اسکرین کی زینت بنی ہے اور چلتی چلی گئی جس اسٹوری پر فرحان ملک سے اختلاف رہا وہ کبھی اسکرین پر بھی نہیں آئی ، عید پر ہتھکڑی لگے فرحان ملک کو دیکھا تو خیال آیا پیغام بھیج دوں “ عید مبارک فرحان ملک” ۔(طحہ عبیدی)۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں