خصوصی رپورٹ۔۔
کراچی پریس کلب کے زیرِ اہتمام فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین میں قائم مقام صدر کراچی پریس کلب شازیہ حسن، سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی، ممبر گورننگ باڈی حامد الرحمان اعوان،صدر کراچی یونین آف جرنلسٹ دستورراشد عزیز، سیکریٹری موسٰی کلیم جبکہ کے یوجے برنا کے سیکریٹری فہیم صدیقی، کے یو جے برنا کے صدر اعجازاحمد، جنگ ایمپلائز یونین کے صدر رفیق بشیر اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب محمد رضوان بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام کے لیے ایک ناسور کی مانند ہے، اسرائیلی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہونے والے فلسطینی مجاہدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کمیشن کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے اسرائیل نے میڈیا ہاؤسز پر حملے شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور صحافی ہمارا فرض ہے کہ ہم ان مظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔ قائمقام صدر پریس کلب شازیہ حسن نے کہا کہ پورے ملک کی صحافی برادری فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این فلسطین میں امن کے لئے عملی اقدامات کرے۔ کے یو جے دستور کے سیکریٹری موسیٰ کلیم نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی خاموشی سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک کو اس وقت فوری اور ٹھوس اقدامات کرکے غزہ سے اسرائیلی قبضہ ختم کروانا ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ اگر ابھی اسرائیلی کے مظالم نہ روکے گئے تو اسرائیلی قبلہ اول کو بھی شہید کرکے اپنی عبادت گاہ قائم کر لیں گے۔رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا کہ یہ ہماری دینی اور اخلاقی فریضہ ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے لئے کھڑے ہوں۔ فہیم صدیقی نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ فلسطین میں مسلمانوں پر ظلم و جبر ہو رہا ہے اور ہمارے مسلم حکمرانوں سو رہے ہیں۔ انہوں نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا یہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
اعجاز احمد نے کہا کہ اس مشکل حالات میں مسلمانوں کو ملکر فلسطینی بھائیوں کے لئے آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ مظالم کا سلسلہ رک سکے۔ انہوں نے غزہ میں میڈیا دفاتر پر بھی حملوں کی مزمت کی۔ دیگرمقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ حرمین شریفین کی طرح قبلہ اوّل بیت المقدس کا تحفظ ایمانی فریضہ ہے۔ ہم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کھلی دہشت گردی ہے۔ اسرائیل نے بیت المقدس کا تقدس پامال کیا ہے اور نہتے فلسطینی نمازیوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر کے جارحیت کی تمام حدیں پار کر دیں۔فلسطینی مجاہدین فلسطین کی آزادی کے لیے ہی نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی اور اسلام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنی بے حسی ختم کر کے فلسطینیوں کی نسل کشی فوری طور پر بند کرائے۔مقررین نے اسرائیلی فوج کی جانب سے میڈیا ہاؤسز خصوصاً ااے پی، الجزیرہ اور دیگر بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے دفاتر تباہ کر نے پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سید اسامہ رضی، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما زاہدمنصوری، تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی اور فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماؤں قاضی احمد نورانی، باقرزیدی، مسلم پرویز، اسرارعباسی، صابر انومریم،محفوظ یار خان، بشیر سدوزئی، سجاس کے صدر اصغر عظیم،پیپ کے صدر محمد جمیل نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں سینئرز صحافیوں میں سابق سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی، سابق سیکریٹری عامر لطیف، سابق صدرکراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، نصیر احمد، حسن عباس، نصراللہ چوہدری، خلیل ناصر،عبدالجبار ناصر،سید نبیل اختر، زین علی اور دیگر مرد و خواتین صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قبل ازیں صحافی برادری کی جانب سے کراچی پریس کلب نے صہیونی ریاست کی فلسطینی عوام اور میڈیا ہاؤسز کے خلاف فضائی و زمینی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔۔کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز پر حملوں نے صہیونی ریاست کے میڈیا کی آزادی کے حوالے سے کئے گئے دعووں کو بھی بے نقاب کردیا ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں حالیہ حملوں نے فلسطین کے جنگ زدہ علاقوں میں صحافیوں کے لئے مزید خطرات کو جنم دیا ہے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔