سندھ حکومت اور کاروباری تنظیموں نے سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے فیکٹ چیکنگ نظام کو مضبوط کرنے پر اتفاق کرلیا۔ یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت بزنس فیسلٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں کاروباری برادری کو درپیش میڈیا سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممتاز کاروباری شخصیات مرزا اختیار بیگ، این کاٹی کے فیصل معیز، کاٹی کے جنید نقی اور کے سی سی آئی کے ضیاء العارفین سمیت سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، سیکریٹری آئی ٹی نور احمد سومرو اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اطلاعات معیز پیرزادہ نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں جعلی خبروں کے کاروبار اور معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے مؤثر حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جعلی خبروں کا پھیلاؤ کاروبار اور معیشت پر سنگین اثرات ڈال سکتا ہے، حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے سدباب کے لیے ذمہ دارانہ صحافت اور متعلقہ فریقین کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کاروباری برادری اور محکمہ اطلاعات کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔