برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات پھیلانے کے معاملے پر ضلع کچہری لاہور نے ملزم فرحان آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کرلی۔ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) نے ایک دن کے جسمانی ریمانڈ کے بعد ملزم فرحان آصف کو عدالت پیش کیا۔دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے ریکوری کرنی ہے اور ٹویٹس کے متعلق تفتیش کرنی ہے، عدالت ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرحان آصف کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ 19 اگست کو برطانیہ کے علاقے ساؤتھ پورٹ میں تین کمسن لڑکیوں پر جان لیوا حملے کے خلاف ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ہونے والے ہنگاموں کے بعد پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ایسی ویب سائٹ کے ذریعے غلط معلومات پھیلانے کے دعوؤں کی تحقیقات شروع کردی تھی جس کا فٹ پرنٹ پاکستان میں بھی موجود ہے۔برطانوی میڈیا کی طرف سے نشر ہونے والی حالیہ رپورٹس میں ایک غیر معروف پلیٹ فارم ’چینل 3 ناؤ‘ کی نشاندہی کی گئی تھی جو اس غلط معلومات کے پھیلاؤ کا ذریعہ بنی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 17 سالہ برطانوی نژاد مشتبہ شخص کشتی کے ذریعے برطانیہ پہنچنے والا ایک مسلمان تارک وطن تھا۔تاہم، برطانیہ کے براڈکاسٹر آئی ٹی وی نیوز کے ایک پاکستانی فرد کے جھوٹی خبر کے موجد ہونے کے دعوے پر مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور برطانیہ کے دیگر ذرائع ابلاغ دونوں کی جانب سے سوال اٹھایا گیا۔لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) فیصل کامران نے ڈان کو بتایا کہ وہ برطانیہ کے براڈکاسٹر آئی ٹی وی نیوز کے دعوؤں کا تجزیہ کر رہے ہیں اور انہوں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فیک نیوز کے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع۔۔
Facebook Comments