ارشد شریف کیس قتل کیس میں حقائق تلاش کرنے والے دو افسران کو ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو میں اپنے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے جس کی وجہ ان کے افسرانِ بالا کو ہی معلوم ہوگی۔دی نیوز کے تحقیقاتی رپورٹر عمر چیمہ کے مطابق ڈاکٹر اطہر وحید ایف آئی اے اور عمر شاہد آئی بی میں تھے۔ اطہر کو ایک ہفتہ قبل پنجاب ٹرانسفر کر دیا گیا جہاں وہ نئی ذمہ داری ملنے کے منتظر ہیں حالانکہ ان کئی دیگر افسران کو فوراً اہم عہدے مل چکے ہیں۔ وہ 20؍ گریڈ کے افسر ہیں۔ 2009ء میں افتخار چوہدری کی بحالی کیلئے میاں نواز شریف کے لانگ مارچ کے دوران اطہر نے نون لیگ کے 600؍ لوگوں کو گرفتار کرنے کا اپنے باس کا غیر قانونی حکم ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ اس وقت وہ ایس پی سول لائنز گجرانوالہ تھے۔ بعد میں انہوں نے ایک گمشدہ شخص کے معاملے میں سینئر فوجی افسر پر پرچہ کاٹ دیا اور اس وقت اطہر ماڈل ٹاؤن لاہور میں ایس پی تھے۔ فارن فنڈنگ کیس میں انہوں نے تحقیقات کی قیادت کی اور پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمات درج کیے۔ بعد میں انہیں ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات پر مامور کیا گیا۔ جو رپورٹ انہوں نے عمر شاہد کیساتھ مل کر تیار کی تھی اس میں کچھ طاقتور حلقے ناراض ہوگئے تھے کیونکہ ان کے کینیا میں ارشد کے میزبانوں کے ساتھ تعلقات سے کئی لوگوں نے سوالات اٹھانا شروع کر دیے تھے۔ عمر شاہد سندھ میں آئی بی کے سربراہ تھے۔ ایک ایجنسی عہدیدار کے مطابق انہیں یہ عہدہ اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ کے تحت دیا گیا تھا کیونکہ ان کے پیش رو آزاد خان کو ترقی کیلئے لازمی کورس میں شرکت کیلئے جانا تھا جو اب مکمل ہو چکا ہے اور اب آزاد اپنے عہدے پر واپس آ چکے ہیں۔ تاہم، ایک اور ذریعے کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کیس میں تحقیقات کے دوران ان کا کردار کچھ حلقوں کو پسند نہیں آیا کیونکہ کیس میں کچھ طاقتور لوگوں پر انگلی اٹھ رہی تھی۔ صحافتی کمیونٹی بالخصوص ارشد شریف فیملی نے دونوں افسران کو قابل تعریف قرار دیا گیا کیونکہ یہ لوگ آزاد تحقیقات کر رہے تھے اور الفاظ چبا کر پیش نہیں کر رہے تھے۔ تاہم، ان کا کام اسپیشل جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی اسکروٹنی میں آ گیا جو اس معاملے کی مزید تحقیقات کیلئے قائم کی گئی تھی۔ انکوائری کے حوالے سے دونوں افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے وہی کچھ بتایا ہے جو انہوں نے مشاہدہ کیا۔ انہوں نے تجویز دی ہے کہ ٹیم اپنا دائرہ کار بڑھائے اور مزید تحقیقات کرے بجائے پرانی چیزیں تلاش کرنے کے کیونکہ اس سے وقت ضایع ہوگا۔
فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے دو افسران ہٹادیئے گئے،عمرچیمہ۔۔
Facebook Comments