ایمپرا کے صدر راؤ شاہد کی سربراہی میں ایمپرا منتخب باڈی کی صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سینئر وائس پریزیڈنٹ ایمپرا راشد رشاول، سیکریٹری قاسم سندھواور انفارمیشن سیکریٹری اذان ملک بھی موجود تھے۔ گفتگو میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور زیر بحث رہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر نے ایمپرا کو تمام کلچرل کمپلیکسز میں بلامعاوضہ تقاریب منعقد کروانے کا وعدہ کیا۔ مزید صوبائی وزیر نے مستقبل میں پروڈیوسرز کی فلاح و بہبود اورمسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ایمپرا کے وجود میں آنے اور گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔منسٹر انفارمیشن نے ایمپرا کی گزشتہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایمپرا الیکٹرونک میڈیا میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ٹی وی چینلزں کے پروگرامز میں شرکت کرتا ہوں اور مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ پروڈیوسرز ٹیکنیکل کے ساتھ ساتھ پورے پروگرام کا کونٹینٹ خود سنبھالتے ہیں۔ میڈیا ورکرز کی تنخوائیں ادا نہ کرنے والے اداروں سے متعلق صوبائی وزیر نے کابینہ کو اعتماد میں لے کر ایکشن لینے کی یقین دہانی کروائی۔ایمپرا نے ایسے اداروں کے اشتہارات تب تک بند رکھنے کی درخواست کی جب تک وہ ملازمین کی تنخواہیں ادا نہ کردیں جس پر صوبائی وزیر نے معاملہ وزیر اعلی کے سامنے اٹھانے کا حامی بھری۔ انہوں نے مستقبل میں ایمپرا کو پنجاب حکومت کی طرف سے ٹریننگ اور ورکشاپس دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔