پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے صدر آصف زرداری سے درخواست کی تھی کہ صحافیوں کو توجہ سے سنا جائے، مگر اس کے برعکس صدر نے صحافیوں سے ملاقات کرنے کی بجائے بل پر دستخط کر دیے۔ افضل بٹ نے اس عمل کو پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھنے کی بات کی اور کہا کہ اس دن کو کبھی نہ بھولا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہم پورے پاکستان میں یوم سیاہ منائیں گے اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے متنازعہ پیکا ایکٹ کے خلاف عدالتی جنگ لڑنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون میں ایسی کئی شقیں ہیں جن پر انہیں عدالت سے ریلیف ملنے کی امید ہے۔افضل بٹ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس احتجاج اور عدالتی راستہ دونوں آپشنز ہیں اور وہ احتجاج بھی کریں گے اور عدالت میں بھی جائیں گے تاکہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور اس ظالمانہ قانون کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جا سکے۔دریں اثنا پی ایف یوجے کا متنازع پیکا ایکٹ بل کی منظوری کے بعد اسلام آباد پریس کلب کے باہر احتجاج ہوا۔ نیشنل پریس کلب میں احتجاج کے دوران صحافیوں نے نعرے بازی کی گئی جبکہ صحافیوں تنظیموں کی جانب سے پینا فلیکس آویزاں بھی کیے گئے۔احتجاج میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں صحافی نیشنل پریس کلب پہنچے، پریس کلب کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، جبکہ پولیس اہلکاروں میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے صحافیوں کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پریس فریڈم کے لیے جدو جہد ہے، پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھتے ہوئے بھٹو نے پی ایف یو جے سے کیے گئے وعدے پورے کیے، آصف زرداری کے دستخط کے وقت بھٹو کی روح کانپی ہوگی، آج بینظیر کی روح بھی تڑپ رہی ہوگی۔افضل بٹ نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے سارے چینلز پر پابندی لگائی، اس وقت بینظیر ہمارے پاس آئی اور ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا، صدر زرداری ہمیں موقع دیں ہم ان کو بتائیں گے، ان کو بتائیں گے کہ کونسی شق آئین و حقوق سے متصادم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صدر بل کو اعتراض لگا کر اس کو واپس بھیج دیتے، آج پیپلز پارٹی نے ہم سب کو مایوس کیا ہے، صدر مملکت کے اس اقدام کے بعد ملک بھر میں یوم سیاہ کی کال دیں گے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تاریخ اور خدو خال سب کے سامنے رکھیں گے، یوم سیاہ کے دن پریس کلبز پر سیاہ پرچم لہرائے گے، سیاسی تقاریب کی کوریج کے دوران کالی پٹیاں باندھیں گے، اینکرز شو کے دوران کالی پٹیاں باندھیں۔