کراچی پریس کلب میں شخصیات کی آمد اور گفتگو کوئی انوکھی بات نہیں، روز ہی بڑے بڑے نام مہمان بنتے ہیں خطاب کرتے ہیں، صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں، خبریں بنتی ہیں، لیکن گذشتہ روز کراچی پریس کلب نے کچھ الگ کیا اورسینئر صحافی اکرم خان کی صاحب زادی درماں خان کی حوصلہ اور قدر افزائی کی تقریب منعقد کی، انہیں روایتی اجرک پہنائی، کراچی پریس کلب کی شیلڈ پیش کی، ایک گھنٹے سے زائد ان سے گفتگو کی، ان کی ریسرچ فیلڈ پر بات کی، اس تقریب کی تجویز کوئی دو برس قبل کلب کے سابق سیکریٹری علاوالدین خان زادہ نے پیش کی تھی، باوجوہ اس میں تاخیر ہوتی رہی لیکن موجودہ سیکریٹری شعیب احمد کی ذاتی دل چسپی نے اسے ممکن بنا دیا، تقریب کے آغاز میں سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد نے درماں خان کا تعارف پیش کیا جس کے بعد درماں خان نے کوانٹم فزکس، اس کی اہمیت، مستقبل میں افادیت اور استعمال پر آگہی دی، اس حوالے سے اپنی ریسرچ پر گفتگو کی، خاص کر آئن کو ٹریپ کرنے کی تفصیل بیان کی، واضح رہے کہ ریاست الی نوائے میں پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا گیا ہے اور وہ اس چار رکنی ٹیم کی رکن ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے، اس موقع پر حاضرین نے ان سے کوانٹم فزکس، امریکا میں تعلیم، پاکستان میں تعلیم کے مستقبل اور مواقع، امریکا پاکستان کے تعلیمی اور معاشرتی موازنے، رجحانات اور ان کے کیرئیر پر سوالات کئے اور آگہی حاصل کی، حاضرین میں نامور کرکٹ جرنلسٹ قمر احمد، معروف کالمسٹ اور استاد ڈاکٹر توصیف احمد، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے نائب صدر خضر قاضی، سابق سیکریٹری پریس کلب علاوالدین خان زادہ، سابق صدر امتیاز خان فاران، برادر جاوید وڑائچ، سہیل سانگی، نصراللہ خان، نعمت خان، اجمل ملک، محمد شاہد، ایوب جان سرہندی، نعمت اللہ بخاری، اسلم شاہ، سعدیہ عبید، شمس کیریو، زبیر نذیر خان، مشتاق سہیل، لیاقت عباسی، کامران جاوید اور صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، تقریب کے آغاز میں شعیب خان نے درماں خان اور پوری فیملی کو خوش آمدید کہا اور مہمان کا تعارف کرتے ہوئے بتایا کہ درماں خان یونی ورسٹی آف الی نوائے اربانا شیمپین سے فزکس میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں، فزکس کے مضمون کوانٹم فزکس (کوانٹم ڈیٹا/انفارمیشن/کمپیوٹنگ) ان کی ریسرچ کا موضوع ہے، اس قبل وہ سو فی صد اسکالرشپ پر یونی ورسٹی آف روچسٹر، نیویارک سے امتیازی پوزیشن سے گریجویشن کر چکی ہیں۔ اس موقع پر سینئر صحافیوں سمیت اراکین نے نہایت دل چسپی سے اس گفتگو کو سنا حصہ لیا سوالات کئے۔۔