duniya news 16 baras ka hogya

دنیا نیوزکے 15 سال مکمل،سالگرہ منائی گئی۔۔

دنیا نیوز نیٹ ورک نے کامیابی کے ساتھ 15 سال مکمل کر لیے، اعلیٰ صحافتی اقدار، غیرجانبدارانہ رپورٹنگ اور جاندار تجزیے ہمیشہ سے دنیا نیوز کی پہچان رہے، 15 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، دنیا نیوز کے نمائندگان، صحافتی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے جگہ جگہ کیک کاٹے گئے۔ صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے دنیا نیوز کو کامیابی سے 15 سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔دنیا نیوز کے پندرہ برس مکمل ہونے پر شہر شہر کیک کاٹنے کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صحافتی اور تاجر تنظیموں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر دنیا نیوز کی دن دگنی رات چوگنی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے پھول نگر میں دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا، تقریب میں معروف کاروباری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ادھر پریس کلب شیخوپورہ میں بھی دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جس میں آر پی او شیخوپورہ رینج بابر سرفراز نے کیک کاٹا، اس موقع پر صحافیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈال کر سماں باندھ دیا، اوکاڑہ میں بھی سالگرہ کی تقریب ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذیشان حنیف سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، شرکاء نے دنیا میڈیا گروپ کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔قصور میں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے دنیا نیوز کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی، شرکاء نے 15 سالہ منفرد صحافت پر پوری ٹیم کو مبارک باد دی، چونیاں میں سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم این اے رانا محمد اسحاق خان نے کیک کاٹا، تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔عارف والا میں بھی سالگرہ کی تقریب دھوم دھام سے منائی گئی، ڈی ایس پی اور تحصیلدار سمیت صحافیوں اور وکلاء نے تقریب میں شرکت کی، وزیرآباد میں سابق چیئرمین بابو شعیب ادریس اور پروفیسر حافظ محمد آصف نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔پنجاب کالجز پیر محل میں دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نعیم عزیز سندھو اور ڈائریکٹر پنجاب کالجز میاں خزیمہ اکمل اور پرنسپل پنجاب کالجز عبدالحکیم سمیت دیگر نے شرکت کی، خانیوال میں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر ڈھول کی تھاپ پر گھڑ ڈانس کا مظاہرہ کیا گیا، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ڈی پی او رانا عمر فاروق نے سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔چنیوٹ میں بھی سالگرہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا سمیت دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر دنیا نیوز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا، ساہیوال میں کمشنر سید شعیب اقبال نے کیک کاٹا، اس موقع پر صحافی برادری کی کثیر تعداد موجود تھی، ٹوبہ ٹیک سنگھ دنیا نیوز آفس میں سالگرہ کی تقریب ہوئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد جواد سردار سرکاری افسران اور سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔دولتالہ میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، قلیل عرصہ میں دنیا نیوز نے الیکٹرانک میڈیا میں ایک تہلکہ مچا دیا ہے۔خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں بھی دنیا نیوز کی 15 ویں سالگرہ منائی گئی، اس موقع پر شنواری ہاؤس اور طورخم کسٹم کلیئرنس ایجنٹس سنٹر میں کیک کاٹے گئے، تقریب میں شاہد خان شنواری اور سینئر نائب صدر تاجر ایکسپورٹر و امپورٹرز عامر خان شنواری سمیت دیگر نے شرکت کی۔نواب شاہ میں سالگرہ کی رنگا رنگ تقریب سجائی گئی جس میں سینیٹر امام الدین شوقین سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، نمایاں خدمات پر دنیا نیوز کی اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں، نوجوانوں نے ثقافتی دھنوں پر رقص پیش کیا، جیکب آباد ڈسٹرکٹ پریس کلب میں دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جس میں قانون دان ظفر خلیل احمد جاکھرانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں