ملک کے معروف اور ہر دلعزیز دنیا نیوز نیٹ ورک نے آج کامیابی کے ساتھ 16 سال مکمل کر لیے، اعلیٰ صحافتی اقدار، غیرجانبدارانہ رپورٹنگ اور جاندار تجزیے ہمیشہ سے دنیا نیوز کی پہچان رہے۔دنیا نیوز نے اپنی ٹرانسمیشن کے پہلے روز سے اب تک ہمیشہ ایکسکلوسیو رپورٹنگ کی ہے، سب سے پہلے اور بہترین انداز میں خبر دینے کی روایت برقرار رکھی، سیاست،عدلیہ، پاکستان میں عام انتخابات ہوں یا امریکی الیکشن، برق رفتاری سے اپنے ناظرین کو لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنی خصوصی خبروں سے ناظرین کو باخبر رکھا۔سیاست میں ہلچل ہو یا عدلیہ سے بڑی خبریں “دنیا نیوز” سب سے تیز اور سب سے آگے رہا، پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے چناؤ کی پل پل کی خبر سے ناظرین کو باخبر رکھا، شعبہ صحت میں کرپشن ہو، یا کوئی بھی سیاسی پیش رفت “دنیا نیوز” نے ہمیشہ سب سے پہلے خبر آپ تک پہنچائی۔جون کو پنجاب میں ہتک عزت کے نئے قانون کی خبر سب سے پہلے “دنیا نیوز” نے نشر کی، فروری میں عام انتخابات کے نتائج میں “دنیا نیوز” نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، “دنیا نیوز” 3 جنوری کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کے اثاثے منظر عام پر لایا۔دنیا نیوز کی 16 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، “دنیا نیوز” کے نمائندگان، صحافتی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے جگہ جگہ کیک کاٹے گئے۔ دریں اثنا دنیا نیوز نیٹ ورک کے 16 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد پیش کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ “دنیا نیوز” اوراس کی ٹیم کو 16 سال کا سفر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا ٹی وی نے پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں نمایاں مقام حاصل کیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا ٹی وی 16 سال سے عوام کو مستند خبریں اور بہترین تجزیئے پیش کرتا آیا ہے، دنیا ٹی وی لوگوں کیلئے ملکی اورعالمی مسائل پر آگاہی کا باعث بنا۔اپنے پیغام میں صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ حالات حاضرہ، عوامی مسائل اور بین الاقوامی خبروں پر دنیا ٹی وی کا کردار مثبت رہا، امید ہے دنیا ٹی وی مستقبل میں بھی اعلیٰ صحافتی اقدار کو برقرار رکھے گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دنیا ٹی وی کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا ٹی وی کو 16 سالہ سفر مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا ٹی وی نے مثبت رپورٹنگ کرکے صحافتی اقدار کو برقرار رکھا۔شہباز شریف نے کہا کہ دنیا ٹی وی نے عوام تک مستند خبریں پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا، مجھے پورا یقین ہے دنیا ٹی وی مستقبل میں بھی اعلیٰ صحافتی اقدار کو برقرار رکھے گا۔