duniya akhbaar mein bartarfian aaj ehtejaaj hoga

دنیا اخبار کراچی میں برطرفیاں، آج احتجاج ہوگا۔۔

دنیا اخبار کراچی آفس سے میڈیا ورکرز کی برطرفیوں کے خلاف کراچی پریس کلب کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاجی مظاہرہ  آج بروز جمعہ شام 04:30 بجے کراچی پریس کلب کے باہر ہوگا۔کراچی پریس کلب، پی ایف یو جے اور کے یو جے کے قائدین خطاب کریں گے۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر ،جنرل سیکریٹری نعمت خان اور اراکین مجلس عاملہ نے دنیا میڈیا گروپ کی جانب سے روزنامہ دنیا سےسیکڑوں ملازمین کوجبری برطرف کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں صدرکےیوجے دستورخلیل ناصر نے کہا کہ اس اقدام سے میڈیا انڈسٹری میں ایک مرتبہ پھر بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور یہ صحافیوں اور  میڈیا ورکرز  کا بے رحمانہ معاشی قتل ہے۔ جنرل سیکریٹری نعمت خان نے دنیا میڈیا گروپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روزنامہ دنیا میں جبری برطرفیوں کا سلسلہ فوری روکا جائے اور برطرف کارکنوں کو بحال کیا جائے۔بصورت دیگر بھرپور احتجاجی  تحریک شروع کی جائے گی۔علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے روزنامہ دنیا نیوز کراچی سے 90  فیصد ملازمین کی برطرفیوں کی  سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ روزنامہ دنیا نیوز کے ملازمین کو اچانک بتایا گیا کہ اخبار کو لاہور منتقل کیا جا رہا ہے اس وجہ سے اسٹاف کو برطرف کیا جا رہا ہے۔ کے یو جے نے اس عمل کو صحافیوں اور  ورکرز کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے دنیا اخبار کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برطرف ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔۔دنیا اخبار سے صحافیوں کی بر طرفی کے خلاف پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے عہدیدارن نے پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اخبار کے  مالکان صحافیوں کامعاشی قتل عام بند کریں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہو ئےفیصلہ واپس لیں ۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی ہے۔۔واضح رہے کہ دنیا اخبار کراچی سے نوے فیصد سے زائد اسٹاف کو فارغ کردیاگیا ہے جن میں رپورٹرز اور فوٹوگرافرز بھی شامل ہیں۔انہیں کہاگیا ہے کہ اب کراچی کا اخبار لاہور میں تیار کیا جائے گا۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں